1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اليزے ٹريٹی کے چھپن برس، دوستی کے نئے معاہدے پر دستخط

22 جنوری 2019

فرانس اور جرمنی کے درمیان اليزے معاہدے پر دستخط کو چھپن برس مکمل ہونے کے موقع پر آج فرانسيسی صدر اور جرمن چانسلر ایک نئے معاہدے پر دستخط کر رہے ہیں جس کا مقصد ان دونوں ممالک ميں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

https://p.dw.com/p/3BwTF
50 Jahre Élysée-Vertrag
تصویر: Reuters

يورپ ميں سب سے مستحکم و بڑی اقتصاديات کے حامل ممالک جرمنی اور فرانس کے رہنما آج منگل بائيس جنوری کو ايک معاہدے پر دستخط کر رہے ہيں۔ آخن معاہدہ ان پڑوسی ملکوں کو يورپی يونين کی پاليسيوں سے متعلق امور ميں تعاون بڑھانے اور ايک مشترکہ سکيورٹی اور خارجہ پاليسی بنانے کا پابند کرے گا۔ علاوہ ازيں اقتصادی سطح پر تعاون کو بھی بڑھايا جائے گا۔ معاہدے پر دستخط فرانسيسی صدر ايمانویل ماکروں اور جرمن چانسلر انگيلا ميرکل کر رہے ہيں۔

اس معاہدے پر دستخط جرمن شہر آخن میں ہوں گے جہاں ان دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والی الیزے ٹریٹی کو 56 برس مکمل ہونے پر تقریب منعقد کی گئی ہے۔ بائيس جنوری سن 1963 کو طے پانے والے الیزے معاہدے پر اُس وقت کے فرانسیسی صدر چارلس ڈیگال اور جرمن چانسلر کونراڈ آڈیناور نے دستخط کیے تھے جس کا مقصد ان سابق حریف رياستوں کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم کرنا تھا۔

جرمنی کی برسر اقتدار سياسی جماعت کرسچن ڈيموکريٹک يونين کے اعلی رکن وولف گانگ شوئبلے نے آج ہونے والی ملاقات سے قبل اپنے ايک بيان ميں کہا، ’’ہميں ايک مرتبہ پھر انضمام کے ليے جامع اور با معنی منصوبوں کی ضرورت ہے، جو لوگوں پر يہ بات واضح کر سکے کہ مجموعی طور پر يورپ جو اہداف حاصل کر سکتا ہے، ان کا حجم و معيار اس سے کہيں زيادہ ہے، جو رکن ملک انفرادی طور پر حاصل کر سکتے ہيں۔‘‘

جرمنی اور فرانس ايک مشکل دور ميں اپنے دوستی کو مزيد پختہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہيں۔ يورپی سطح پر بزيگزٹ کا عمل جاری ہے جبکہ فرانس ميں پيلی جيکٹ والوں کے مظاہروں نے ملک کو ايک نئے بحران ميں مبتلا کر رکھا ہے۔ داخلی سطح پر چانسلر ميرکل سی ڈی يو کی قيادت سے مستعفی ہو چکی ہيں۔ ايسے ميں يورپ کی سب سے اہم قوتين اپنی دوستی کو ايک نئی سطح پر لے جانا چاہتی ہيں۔

ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں