1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعتدال پسند حسن روحانی نئے ایرانی صدر منتخب ہو گئے

15 جون 2013

ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی اصلاحات پسند امیدوار اور مصالحت پسند مذہبی سیاسی رہنما حسن روحانی کے حصے میں آئی ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ہفتے کی رات روحانی کو ان کی انتخابی کامیابی پر مبارک باد دی۔

https://p.dw.com/p/18qbr
تصویر: Mehr

تہران سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق حسن روحانی کی کامیابی کا اعلان ہفتے کی رات ایرانی وزارت داخلہ کی طرف سے کیا گیا۔ وزارت داخلہ کے اعلان کے مطابق اعتدال پسند حسن روحانی کو کل ڈالے گئے ووٹوں میں سے 50 فیصد سے زائد ووٹ ملے۔

اسی دوران سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا کہ صدارتی الیکشن میں قریب 32 ملین شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ان میں سے 51 فیصد نے حسن رو‌حانی کے حق میں ووٹ دیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صدارتی الیکشن میں عوامی شرکت کا تناسب 70 فیصد سے زائد رہا۔

Hassan Rohani und Joschka Fischer
حسن روحانی سابق جرمن وزیر خارجہ یوشکا فشر کے ساتھ، فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/AP

قبل ازیں مغربی یورپی وقت کے مطابق ہفتے کی شام پانچ بجے تک ملنے والی رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ تب تک جمعے کے صدارتی الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی نامکمل گنتی کے عبوری نتائج کے مطابق اعتدال پسند مذہبی رہنما حسن روحانی کو ان کے حریف امیدواروں کے مقابلے میں واضح برتری حاصل ہو چکی تھی۔

دبئی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اعتدال پسند حسن روحانی کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی الیکشن کے نتائج اس حد تک حیران کن ہیں کہ زیادہ مضبوط تصور کیے جانے والے سخت گیر انتخابی امیدواروں کے مقابلے میں ایک اصلاحات پسند مذہبی شخصیت کامیاب ہو گئی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے دبئی سے اس بارے میں اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ روحانی کی فتح سے ایران کے باقی ماندہ دنیا کے ساتھ تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس کے علاوہ اسلامی جمہوریہ ایران کا بین الاقوامی سطح پر متنازعہ ایٹمی پروگرام بھی روحانی کے انتخاب سے متاثر نہیں ہو گا۔ اس لیے کہ ایران میں سلامتی سے متعلق ایسے تمام حساس معاملات میں حتمی فیصلہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کرتے ہیں۔

پچھتر ملین کی آبادی والے ایران کے بارے میں اپنی ایک جائزہ رپورٹ میں خبر رساں ادارے روئٹرز نے لکھا ہے کہ حسن روحانی کو حاصل ہونے والی واضح کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ ایرانی معاشرے میں کافی حد تک اصلاحات کی خواہش پائی جاتی ہے۔

حسن روحانی ایران کے ایک سابق اعلٰی ترین جوہری مذاکراتی نمائندے ہیں، جو اپنی اعتدال پسندی اور مصالحت پسندانہ سوچ کی وجہ سے مشہور ہیں۔ وہ پہلے ہی یہ اشارہ دے چکے ہیں کہ وہ ایک ایسی خارجہ پالیسی کو رواج دیں گے، جس کی بنیاد باقی ماندہ دنیا کے ساتھ تعمیری اشتراک عمل پر ہو گی اور ساتھ ہی وہ داخلہ سیاست میں عملی طور پر شہری حقوق کا ایک چارٹر بھی متعارف کرائیں گے۔

ij / mm (Reuters, AP) / mm