1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیلی سیاسی بحران: نیتن یاہو پر بدعنوانی کی فرد جرم عائد

22 نومبر 2019

اسرائیلی اٹارنی جنرل نے عبوری وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو پر کرپشن، رشوت لینے اور اعتماد شکنی کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔ الزام عائد کیے جانے کے بعد اسرائیل کا سیاسی بحران مزید گھمبیر ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3TVdA
Israel | Benjamin Netanjahu
تصویر: AFP/G. Tibbon

اسرائیل کا سیاسی نظام  جمعرات اکیس نومبر کو ایک پیچیدہ بحران کی صورت اختیار کر گیا ہے اور اس کی وجہ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو پر کرپشن الزامات کی فرد جرم عائد کیا جانا ہے۔ اٹارنی جنرل کی جانب سے الزامات عائد کیے جانے سے ایک روز قبل ہی نیتن یاہو کے بعد وزارت عظمیٰ کے ایک اور امیدوار بینی گینٹس نے حکومت تشکیل دینے سے معذوری ظاہر کر دی تھی۔

اسرائیل کے اٹارنی جنرل ابیخائی ماندل بلیت (Avichai Mandelblit)  کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بینجمن نیتن یاہو کے خلاف رشوت، دھوکہ دہی اور اعتماد شکنی کے جرائم کے ارتکاب پر عدالتی کارروائی شروع کی جائے۔

Israel | Generalstaatsanwalt Avichai Mandelblit
اسرائیل کے اٹارنی جنرل ابیخائی ماندل بلیتتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Cohen

اس فیصلے کے حوالے سے خود اٹارنی جنرل ماندل بلیت واضح کیا کہ انہوں نے یہ فیصلہ بھاری دل سے کیا کیونکہ نیتن یاہو کے خلاف موجود قانونی شہادتیں مضبوط ہیں۔ ماندل بلیت کے مطابق قانون کی دنیا سیاست نہیں بلکہ اس میں حقائق اور شواہد اہم ہوتے ہیں۔

بینجمن نیتن یاہو نے ان الزامات کی ایک مرتبہ پھر تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور اُن کا ضمیر مطمئن ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے الزامات عائد کیے جانے کو سیاسی سازش قرار دیا کیونکہ مخالفین سچ کی تلاش میں نہیں بلکہ اُن کے تعاقب میں ہیں۔ نیتن یاہو نے مطالبہ کیا کہ ضرورت اس کی ہے اُن کے خلاف تفتیش کرنے والوں کے خلاف اب انکوائری کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

Arabische Liste empfiehlt Gantz als Israels Premier | Benny Gantz
بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کے سربراہ بینی گینٹستصویر: Reuters/A. Cohen

اسرائیل میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ منصب پر فائز کسی وزیراعظم پر کرپشن الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ نیتن یاہو نے ان الزامات کے تحت اپنے منصب سے مستعفی ہونے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ انہیں اپنی سیاسی جماعت لیکوڈ پارٹی کے اندرونی حلقے کی مخالفت کا بھی سامنا ہے۔

لیکوڈ پارٹی کے ایک سینیئر سیاستدان گیدون ساعر (Gideon Sa'ar) نے کہا ہے کہ اگلے انتخابات سے قبل پارٹی کی قیادت کے لیے انتخابات کرائیں جائیں۔ ساعر کو بیس برس قبل سیاست میں نیتن یاہو ہی لائے تھے۔ پارلمیانی نشستوں کے اعتبار سے اسرائیل کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کے رہنما بینی گینٹس نے بھی کہا ہے کہ الزامات عائد کیے جانے کے بعد نیتن یاہو کے پاس اخلاقی اعتبار سے اختیار نہیں رہا کہ وہ قوم کی تقدیر کے فیصلے کریں۔

ع ح ⁄ ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)