1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ثقافتشمالی کوریا

آسکرز، 'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' کی بڑی جیت

13 مارچ 2023

'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' نے بہترین فیچر فلم کے علاوہ چھ اور آسکرز اپنے نام کیے۔ جرمن فلم 'آل کوائٹ اون دا ویسٹرن فرنٹ' کو بہترین بین الاقوامی فلم اور بھارتی گیت 'ناٹو ناٹو' کو بہترین گانے کا ایوارڈ ملا۔

https://p.dw.com/p/4Oats
95th Academy Awards | Bester Film | Everything Everywhere All at Once
تصویر: Patrick T. Fallon/AFP/Getty Images

باکس آفس پر کامیابی کے بعد امریکی فلم 'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' اتوار کو منعقد ہونے والی آسکر ایوارڈز کی تقریب میں سال کی بہترین فیچر فلم بھی قرار پائی۔

اس ایوارڈ کے لیے 'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' امریکی گلوکار ایلوس پریسلی کی زندگی پر مبنی فلم 'ایلوس'، جرمن فم 'آل کوائٹ اون دا ویسٹرن فرنٹ' اور 'ٹار' اور 'ٹاپ گن: میورک' کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

'ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' کل 11 آسکر ایوارڈز کے لیےنامزد کی گئی تھی، جن میں سے اس نے سات جیتے۔ ان میں میشیل ییو کو فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔

پہلی پاکستانی خاتون، آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد

میشیل ییو ایشیائی نژاد پہلی خاتون ہیں جنہیں یہ ایوارڈ ملا ہے۔ اپنی جیت کے موقع پر ان کا کہنا تھا، "وہ تمام بچے اور بچیاں جو میری طرح دکھتے ہیں، یہ ان کے لیے ایک امید کی کرن ہے۔ یہ ثبوت ہے کہ خواب پورے ہوتے ہیں۔"

95th Academy Awards | Beste Hauptdarstellerin | Everything Everywhere All at Once | Michelle Yeoh
میشیل ییو کو فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملاتصویر: Carlos Barria/REUTERS

ان کے علاوہ ڈینیئل کوان اور ڈینیئل شائنرٹ کی جوڑی کو اس فلم کے لیے بہترین ہدایت کاری، ہوئی کواں کو بہترین معاون اداکار اور جیمی لی کرٹس کو بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ ملے۔ ہوئی کواں اور جیمی لی کرٹس کی آسکر ایوارڈز میں یہ پہلی جیت ہے۔

'آل کوائٹ اون دا ویسٹرن فرنٹ' بہترین بین الاقوامی فلم قرار

پہلی عالمی عظیم پر بننے والی جرمن فلم 'آل کوائٹ اون دا ویسٹرن فرنٹ' نے بہترین بین الاقوامی فلم کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

یہ فلم ایرک ماریا ریمارک کے اسی نام کے ناول پر مبنی ہے اور یہ فلم  اس کی اشاعت کے تقریباﹰ 100 سال بعد بنائی گئی ہے۔ اس فلم میں جنگ کی مخالفت کا پیغام دیا گیا ہے۔

'آل کوائٹ اون دا ویسٹرن فرنٹ' کو بہترین سنیماٹوگرافی، پروڈکشن ڈیزائن اور موسیقی کا ایوارڈ بھی ملا۔ اس کو کل نو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

Screenshot DW Videobeitrag | Claudia Roth: Deutsche Nominierung besitzt grauenhafte Aktualität
جرمن وزیر برائے ثقافت کلاڈیا روتھ نے روس کی یوکرین کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 'آل کوائٹ اون دا ویسٹرن فرنٹ' کا متعدد ایوارڈز کے لیے نامزد ہونا اس کی موجودہ دور سے "خوفناک مطابقت" کا نتیجہ ہے۔تصویر: DW

اس حوالے سے جرمن وزیر برائے ثقافت کلاڈیا روتھ نے لاس اینجلس میں ڈی ڈبلیو کو دیے گئے ایک بیان میں روس کی یوکرین کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم کا متعدد ایوارڈز کے لیے نامزد ہونا اس کی موجودہ دور سے "خوفناک مطابقت" کا نتیجہ ہے۔

آسکر ایوارڈز: وِل اسمتھ کی کامیڈین کو تھپڑ مارنے پر معذرت

ان کا کہنا تھا، "اس فلم نے مجھے میری برداشت کی حد تک پہنچا دیا۔ لیکن جنگ ایسی ہے ہوتی ہیں۔ یہ بھیانک، ظالمانہ، انسانیت کا خاتمہ کرنے والی اور بیکار ہوتی ہے۔"

بھارتی گانا 'ناٹو ناٹو' بہترین گیت قرار

اس سال بہترین گانے کا ایوارڈ تیلگو زبان کی بھارتی فلم 'آر آر آر' کے گانے 'ناٹو ناٹو' کو ملا۔ اس جیت پر گانے کے موسیقار ایم ایم کیراونی کا کہنا تھا، "آر آر آر کو جیتنا ہی تھا۔ یہ ہر بھارتی شہری کے لیے باعث فخر ہے اور اس نے مجھے بلندی پر پہنچا دیا ہے۔"

95th Academy Awards | Bester Song | RRR | Naatu Naatu
اس سال بہترین گانے کا ایوارڈ تیلگو زبان کی بھارتی فلم 'آر آر آر' کے گانے 'ناٹو ناٹو' کو ملا۔تصویر: Kevin Winter/Getty Images

ان کے علاوہ برینڈن فریزر کو ان کی فلم 'دی ویل' میں مرکزی کردار ادا کرنے پر بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا اور روس میں حزب اختلاف کے رہنما الیکسی ناوالنی کے بارے میں بنائی گئی فلم 'ناوالنی' کو بہترین ڈاکیومینٹری فیچر کا ایوارڈ ملا۔

م ا/ ع ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)