1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا: کوڑے دان میں سوئے ہوئے بچے کی موت

12 مئی 2021

جنوبی آسٹریلیا میں کوڑے دان کے ایک بڑے کنٹینر میں تین بچے سو رہے تھے اور جب صبح کچرا اٹھانے والے ٹرک نے اس کو خالی کیا تو ان میں سے ایک بچے کی جان چلی گئی۔

https://p.dw.com/p/3tH4I
Australien Port Lincoln Innenstadt
پورٹ لنکن شہر کی اسی سڑک کے پاس یہ واقعہ پیش آیا تصویر: VH/imago images

آسٹریلیا کی جنوبی ریاست میں شہر پورٹ لنکن کو گیارہ مئی منگل کے روز اس وقت  ایک گہرا صدمہ پہنچا جب کوڑا جمع کرنے والے بڑے کنٹینر میں سونے والے ایک 13 سالہ لڑکے کی حادثاتی طور پر موت کا پتہ چلا۔ ڈاؤن ٹاؤن میں ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے پاس یہ واقعہ پیش آیا۔

یہ بچہ اور اس کے دو دیگر ساتھی ریسٹورنٹ کے پاس رکھے ایک بڑے کوڑے دان یا کچرے کے بڑے کنٹینر میں سو رہے تھے۔ ابھی یہ بات واضح نہیں ہے کہ آخر اس کی وجہ کیا تھی تاہم جنوبی آسٹریلوی ریاست کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی وجہ سے بچ جانے والے دو دیگر بچے شدید ذہنی صدمے میں مبتلا ہیں۔

ہوا یوں کہ کچرا اٹھانے والے ٹرک نے علی الصبح جب اس کوڑے دان کو اٹھا کر کچرا خالی کرنے کی کوشش کی تو ان میں سے ایک بارہ برس کے بچے نے اس پر ہاتھ مار مار کر ڈرائیور کو آگاہ کرنے کی بھی کوشش تاہم تب تک ڈرائیور کنٹینر کو اٹھا چکا تھا اور کوڑا خالی کر کے ٹرک میں ڈال دیا۔

متاثرہ تیرہ سالہ بچے کو شدید چوٹیں آئیں اور اسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی بھی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

اس حادثے سے ٹرک ڈرائیور کو بھی شدید ذہنی صدمہ پہنچا ہے جو اس بات سے قطعی واقف نہیں تھا کہ اس کوڑے دان میں بچے سوئے ہوں گے۔

مقامی پولیس سربراہ پال بار نے مقامی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ اب بھی ایک راز ہے کہ آخر تینوں مقامی لڑکوں کو اس کوڑے دان میں کیوں سونا پڑا اور اس کی وجوہات کیا ہو سکتی ہیں۔ 

پولیس افسر کا کہنا تھا، ''میرے خیال سے یہ کہنا درست ہوگا کہ لڑکوں کو کہیں نہ کہیں تو قیام کرنا ہی تھا۔''

شہر کے میئر براڈ فیلہرٹی نے لڑکے کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پوری برادری سکتے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا، ''پورٹ لنکن کے پاس بہت ہی مضبوط کمیونٹی ہے جو متاثرین کے لواحقین کی حمایت میں ان کے ساتھ کھڑی ہو گی۔''

جنوبی آسٹریلیا میں محکمہ صحت اور سیفٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس کے حکام نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے اور متاثرہ خاندان کے ساتھ تعزیت بھی کی ہے۔ یہ جان لیوا حادثہ شہر کے ایک میکڈونلڈ ریستوراں کے ڈرائیو تھرو کے پاس پیش آیا۔

ص ز/ ج ا   (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں