1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولآسٹریلیا

پورے اسپین کے رقبے جتنا بڑا میرین پارک، نیا آسٹریلوی منصوبہ

11 جون 2023

آسٹریلیا نے اپنے جنوب مشرقی ساحل کے قریبی جزائر کے ارد گرد ایک ایسا بہت بڑا میرین پارک بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، جو یورپی ملک اسپین کے مجموعی رقبے کے برابر ہو گا۔ یہ پارک قریب پانچ لاکھ مربع کلومیٹر رقبے پر محیط ہو گا۔

https://p.dw.com/p/4SLu7
Australien Umwelt Flora Fauna Seeelefant Haubenpinguin
تصویر: K. Wothe/blickwinkel/picture alliance

سڈنی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق آسٹریلوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ایک محفوظ سمندری خطے کے طور پر یہ میرین پارک اتنا بڑا ہو گا، جتنا یا تو یورپی ملک اسپین یا پھر کیمرون کا مجموعی رقبہ۔

پلاسٹی کوسس آبی پرندوں کو کس طرح نقصان پہنچارہا ہے؟

مزید یہ کہ یہ میرین پارک اپنے رقبے میں ایشیا میں ویت نام یا جاپان جیسے ممالک کے رقبے سے بھی کہیں زیادہ بڑا ہو گا۔

میکوائری آئی لینڈ میرین پارک

کینبرا حکومت کے ارادوں کے مطابق آسٹریلیا کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے سے کچھ دور میکوائری نام کے جزیرے کے ارد گرد جو میرین پارک پہلے ہی سے قائم ہے، اس منصوبے کے تحت آئندہ اس کا رقبہ تین گنا کر دیا جائے گا۔

Neuseeländischer Goldschopfpinguin
آسٹریلیا میں میکوائری آئی لینڈ پر پائے جانے والے پینگوئنتصویر: picture-alliance/dpa/K.Wothe

حیاتیاتی تنوع سے متعلق تاریخی عالمی معاہدہ طے پا گیا

یوں ایک ایسا بہت بڑا میرین پارک وجود میں آئے گا، جس کا مجموعی سمندری رقبہ تقریباﹰ چار لاکھ 76 ہزار مربع کلومیٹر ہو گا۔

یہ اعلان کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ماحولیاتی امور کی خاتون وزیر تانیا بلیبرسیک نے کہا، ''اس وسیع و عریض اور محفوظ سمندری خطے پر مشتمل میرین پارک کا مطلب یہ ہو گا کہ اس پورے خطے میں ماہی گیری، سمندری کان کنی اور وسائل کے حصول کے لیے ہر طرح کی دیگر سرگرمیاں ممنوع ہوں گی۔‘‘

شور، آبی حیات کے لیے ایک بڑا خطرہ

تانیا بلیبرسیک کے مطابق اس مجوزہ میرین پارک کے علاقے میں اب تک پینٹاگونین ٹوٹھ فش کی جو ماہی گیری اب بھی کی جاتی ہے، صرف اسی کی آئندہ بھی اجازت ہو گی۔

Bildergalerie Australien weltgrößtes Netz Meeresschutzgebiete
اپنی سمندری حیات کے لحاظ سے یہ خطہ انتہائی منفرد ہےتصویر: Mark Kolbe/Getty Images

آسٹریلیا اور انٹارکٹکا کے تقریباﹰ وسط میں

آسٹریلیا کے میکوائری آئی لینڈ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ براعظم آسٹریلیا اور براعظم انٹارکٹکا کے تقریباﹰ عین وسط میں واقع ہے اور وہاں بہت بڑی تعداد میں نہ صرف رائل پینگوئن پائے جاتے ہیں بلکہ فر والی سِیلز کی بھی بہت بڑی آبادی ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ یہی جزیرہ اور اس کے ارد گرد کا علاقہ زیریں انٹارکٹکا کے علاقے میں کئی طرح کی سمندری سائنسی تحقیق کا مرکز بھی ہے۔

پلاسٹک کی آلودگی سے اٹھاسی فیصد سمندری حیات متاثر، رپورٹ

آسٹریلوی وزیر ماحولیات نے مزید کہا، ''میکوائری آئی لینڈ ایک انتہائی غیر معمولی جگہ ہے۔ وہاں کی جنگلی حیات اس خطے کے انتہائی دور دراز ہونے کے باعث انتہائی شاندار ہے اور یہ کئی ملین کی تعداد میں سمندری پرندوں، سِیلز اور پینگوئنز کے لیے ان کی افزائش نسل کا ایک بے مثال مقام بھی ہے۔‘‘

اس میرین پارک کے قیام کا کئی ملکی اور بین الاقوامی ماحولیاتی گروپوں کی طرف سے کافی عرصے سے مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

م م / ا ا (اے ایف پی)