1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا: دہشت گردی کی پلاننگ کے شبے تین مشتبہ جہادی گرفتار

2 جولائی 2019

آسٹریلیا نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے وابستگی رکھنے والے گروپ کے تین مبینہ کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ ان افراد پر شبہ ہے کہ وہ سڈنی شہر میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔

https://p.dw.com/p/3LSey
Australien Verhaftung bei einer Polizeiaktion gegen Terrorismus in Sydney
تصویر: picture-alliance/dpa/Nsw Police

آسٹریلیا کی فیڈرل پولیس کے اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے تینوں مبینہ جہادیوں کی پلاننگ میں منظم انداز میں سڈنی شہر میں واقع پولیس اور دفاعی عمارتوں کے علاوہ سفارتی مشنز، عدالتوں اور گرجا گھروں کو نشانہ بنانا شامل تھا۔ ان کو ایسی سازش کو پلان کرنے کی ابتدا میں ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

فیڈرل پولیس کے اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے مشتبہ افراد میں ایک بیس سالہ نوجوان بھی شامل ہے اور یہ ایک سال سے اپنی مشتبہ سرگرمیوں کی وجہ سے پولیس کی مسلسل نگرانی میں تھا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ جہادی آسٹریلیا میں اپنے دہشت گردانہ منصوبوں پر عمل کرنے کے بعد افغانستان پہنچ کر وہاں فعال ہوتی 'اسلامک اسٹیٹ‘ کی مسلح کارروائیوں میں شرکت کا ارادہ رکھتے تھے۔

ان افراد پر دہشت گرادانہ منصوبوں کی سازش کرنے کی فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔ یہ ایک سال قبل لبنان سے آسٹریلیا پہنچا تھا۔ آسٹریلوی پولیس کے مطابق بیس سالہ مشتبہ شخص انفرادی سطح پر بھی افغانستان پہنچ کر اپنے منصوبوں پر عمل کرنے کی خواہش رکھتا تھا۔

Australien Federal Police - Symbolbild
آسٹریلیئن فیڈرل پولیس نے تینوں گرفتار شدگان کی نگرانی جاری رکھی ہوئی تھیتصویر: picture-alliance/EPA/D. Lewins

عدالت میں الزام ثابت ہونے کی صورت میں بیس سالہ مشتبہ جہادی کو تو کم از کم عمر قید کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے اور بقیہ دو کو بھی طویل مدتی سزائیں سنائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان گرفتار شدگان میں ایک تیئیس سالہ مبینہ جہادی کو مختلف دہشت گردانہ تنظیموں کے ساتھ رابطے رکھنے کے الزام کا سامنا ہے۔

آسٹریلوی پولیس نے گرفتار ہونے والے تیسرے شخص کی عمر تیس برس بتائی ہے۔ اس کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ بیس اور تیئیس سالہ جہادیوں کی پلاننگ میں مالی معاون کے طور پر شریک تھا۔ اس مشتبہ شخص کا دولت اکھٹی کرنے کا طریقہ لوگوں کو نوکریوں کا لالچ دے کر پیسے ہتھیانا بتایا گیا ہے۔

ان تینوں افراد کو امکاناً ابتدائی چھان بین کے بعد بدھ تین جون کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ وفاقی پولیس کے مطابق تینوں مشتبہ افراد کی منصوبہ سازی ابتدائی مرحلے میں تھی۔ گزشتہ برس ستمبر کے بعد آسٹریلوی پولیس نے سولہویں دہشت گردانہ سازش کو ناکام بنایا ہے۔

ع ح، ا ا، نیوز ایجنسیاں