1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آخرکار آسٹریلیا جیت گیا!

14 جنوری 2011

آسٹریلیا نے دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو چار رنزوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/zxdr
آسٹریلوی بولر مچل جانسن نے تین وکٹیں حاصل کیںتصویر: AP

آسٹریلوی بلے باز آرون جیمز فِنچ کی شاندار نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا مقررہ بیس اوورز میں147 رنز بنانے میں کامیاب ہوگیا جبکہ انگلش ٹیم مقررہ اوورز میں 143 رنز ہی بنا سکی۔

ملبورن میں کھیلے گئے اس دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں37 رنز بنائے۔ شین واٹسن سترہ جبکہ وارنر30 کے انفرادی سکورپرآوٹ ہوئے۔

اگرچہ بعد ازاں انگلش بولنگ کے سامنے آسٹریلوی ٹیم ایک مرتبہ ڈھیلی پڑ گئی تاہم فِنچ نے اپنی دھواں دھار بلے بازی سے آسٹریلوی بولروں کے چھکے چھڑوا دیے۔ انہوں نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔ اس طرح آسٹریلیا نے میزبان ٹیم کے لئے ایک جاندار ہدف سامنے رکھا۔

Kricket Australien England
انگلش بلے باز اوئن مورگن سویب شاٹ کھیلتے ہوئےتصویر: AP

انگلینڈ کی طرف سے گریم سوان اور یارڈی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دونوں نے ہی چار چار اوورز میں انیس انیس رنز دیے۔

جب انگلینڈ نے 148 کے ایک اچھے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو سلامی بلے باز آئن بیل اور سٹیون ڈیوس نے پہلی وکٹ کے لئے ساٹھ رنز جوڑے۔ تاہم بعد ازاں کوئی بھی انگلش کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ پیٹرسن ایک، کولنگ ووڈ چھ جبکہ مورگن چودہ رنز کے انفرادی سکور پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

کھیل اس وقت ڈرامائی رخ اختیار کر گیا جب انگلینڈ کو یہ میچ جیتنے کے لئے آخری اوور میں اٹھارہ رنز درکار تھے۔ تاہم انگلش بلے باز بریٹ لی کے اس اوور میں صرف گیارہ رنز ہی بنا سکے۔

آسٹریلیا کی طرف سے شین واٹسن نے دو جبکہ میچل جانسن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کا بہترین کھلاڑی فِنچ کو قرار دیا گیا۔

اب دونوں ٹیمیں سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلیں گی۔ اس سلسلے میں پہلا ون ڈے میچ چودہ جنوری کو ملبورن میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں