1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آؤشوِٹس: مسلمانوں اور یہودیوں کی مشترکہ تقریب

9 اگست 2018

جرمنی سے تعلق رکھنے والے یہودی اور مسلمان رہنماؤں نے آؤشوِٹس پہنچ کر ایک یادگاری تقریب کی قیادت کی۔ یہ کثیرالعقیدہ تقریب لٹسمان اشٹٹ بستی کے یہودیوں کی بیدخلی کے چوہتر برس مکمل ہونے کی یاد میں منعقد کی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/32tB6
Konzentrationslager Auschwitz
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Woitas

رابی ہنری برانڈٹ اور جرمنی میں مسلمانوں کی سینٹرل کونسل کے ایمان مازیک نے اس تقریب کی مشترکہ طور پر قیادت کی اور آؤشوِٹس کے اذیتی مرکز کے داخلی دروازے پر شرکاء سے خطاب بھی کیا۔ یہ خصوصی کثیرالعقیدہ تقریب جمعرات نو اگست کو منعقد ہوئی۔

اس تقریب میں دو جرمن وفاقی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔ ان میں ایک تھورنگیا کے بوڈو رامیلو تھے اور دوسری جرمن سیاسی شخصیت شیلسوگ ہوشٹائن کے وزیر اعلیٰ ڈینئل گوئنتھر تھے۔ ان دونوں نے آؤشوِٹس میموریئل پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائیں۔

بنیادی طور پر یہ ایک معلوماتی اور تعلیمی دورہ تھا جس کا انتظام مشترکہ طور پر جرمن مسلمانوں کی مرکزی کونسل اور یونین آف پروگریسو جِیوز نے کیا تھا۔ اس میں خاص طور پر شام اور عراق سے تعلق رکھنے والے مسلمان مہاجرین کے ہمراہ نوجوان یہودی افراد بھی شریک تھے۔

Junge Juden und Muslime begegnen sich in Auschwitz
رابی ہنری برانڈٹ اور جرمنی میں مسلمانوں کی سینٹرل کونسل کے ایمان مازیک نے اس تقریب کی مشترکہ طور پر قیادت کی۔تصویر: picture-alliance/dpa/M. Skolimowska

اس خصوصی کثیر العقیدہ یادگاری تقریب کا اہتمام ایسے وقت پر کیا گیا جب لٹسمان اشٹٹ گیٹو سے سڑسٹھ ہزار یہودیوں کو آؤشوِٹس کے اذیتی مرکز میں منتقل کیے جانے کے عمل کو چوہتر برس مکمل ہوئے تھے۔ نو اگست سن 1944 میں شروع کی گئی منتقلی کا عمل تین ہفتے تک جاری رہا تھا۔

ان سڑسٹھ ہزار یہودیوں میں سے پینتالیس ہزار کو آؤشوِٹس میں بنائے گئے گیس چیمبرز کے ذریعے موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا تھا۔ نازی حکومت نے پولینڈ کے تیسرے بڑے شہر لوڈش کو سن 1940 میں لٹسمان اشٹٹ کا نام دیا تھا۔ دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے بعد پولستانی حکومت نے سابقہ نام بحال کر دیا تھا۔

یہ امر بھی اہم ہے کہ پولینڈ میں واقع آؤشوِٹس کے اذیتی مرکز میں مجموعی طور پر تیرہ لاکھ کے قریب یہودیوں کو منتقل کیا گیا تھا۔ اس جبری منتقلی کے بعد تقریباً گیارہ لاکھ مقید افراد کو نازی فوجیوں نے مختلف طریقوں سے ہلاک کر دیا تھا۔ اس اذیتی مرکز سے صرف 196 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔

لٹسمان اشٹٹ گیٹو نازی جرمن دور حکومت کے مقبوضہ علاقوں میں دوسری بڑی بستی تھی، جس میں یہودیوں کے ساتھ روما خانہ بدوشوں کو بھی پابند کیا گیا تھا۔ کارل لٹسمان نازی فوج کے اہم جرنیلوں میں شمار ہوتے تھے۔ جب روسی افواج نازیوں کو شکست دیتی ہوئی لوڈش میں داخل ہوئی تو اِس بستی میں صرف 877 یہودی چھپے ہوئے ملے تھے۔

ژاں میکنٹوش (عابد حسین)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں