1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

جرمنی: نئی حکومت کے قیام کے معاہدے پر دستخط

7 دسمبر 2021

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی)، گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹک پارٹی (ایف ڈی پی) نےنئی حکومتی اتحاد پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس طرح نئی وفاقی حکومت  کی تشکیل کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/43vhU
تصویر: HANNIBAL HANSCHKE/REUTERS

جرمن دارالحکومت برلن میں منگل کو اس اتحاد کے معاہدے پر دستخط نے اب رواں ہفتے نئی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کر دی ہے۔ ستمبر کے آخر میں ہونے والے انتخابات کے بعد کے ہفتوں میں ایس پی ڈی، گرین پارٹی اور ایف ڈی پی کے مابین بات چیت کا سلسلہ جاری رہا۔  تینوں جماعتوں کی کچھ اہم شرائط پر اتفاق سے اب سہ فریقی حکومت کا قیام یقینی ہو گیا ہے۔

بدھ کو جرمن پارلیمان میں ملک کے چانسلر کو منتخب کرنے کے لیے ووٹنگ کی جائے گی جس کے بعد ایس پی ڈی کے لیڈر اولاف شولس کو جرمنی کا اگلا چانسلر منتخب کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔ اسی روز ملک کی نئی کابینہ کے اراکین بھی اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ اس کابینہ میں ایس پی ڈی کے سات، گرین پارٹی کے پانچ اور ایف ڈی پی کے چار وزراء  شامل ہوں گے۔

برلن میں قائم 'مستقبل کی ٹیکنالوجی کے ایک نمائشی مرکز‘ فوٹوریم میں منعقد کی جانے والی اس تقریب کے موقع پر اولاف شولس کا کہنا تھا،''کئی ہفتوں کے مذاکرات کے نتائج نے اس پیش رفت کو ممکن بنایا ہے۔'' انہوں نے کہا کہ کل  نئی جرمن حکومت اپنا کام شروع کر دے گی۔ شولس کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے اس حکومتی اتحاد کی پوری قوت درکار ہوگی۔

بطور چانسلر انگیلا میرکل کے بڑے چینلجز کیا تھے؟

گرین پارٹی کے شریک رہنما اور شولس کی حکومت میں نائب چانسلر کا عہدہ سنبھالنے والے رابرٹ ہابیک نے اس موقع پر کہا کہ ان کی پارٹی کا مقصد''جرمن عوام کے لیے حکومت'' قائم کرنا تھا۔ ہابیک اکانومی، انرجی اور کلائمیٹ کی وزارت کے سربراہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ کی سب سے بڑی اور دنیا کی چوتھی بڑی معیشت جرمنی کو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے اور اقتصادی خوشحالی کو یقینی بنانے جیسے بڑے چینلجز کا سامنا ہے۔ گرین پارٹی کی شریک لیڈر انالینا بیئر بوک جو کہ نئی حکومت میں وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالیں گی کا کہنا تھا کہ یہ حکومتی اتحاد جرمنی کی سماجی حقیقتوں کے حوالے سے انتہائی موزوں ہے۔

ایف ڈی پی کے کرسٹیان لنڈنر نئی حکومت میں بطور وزیر خزانہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ لنڈر نے اس تقریب میں کہا،''ہم کسی خوش فہمی کا شکار نہیں ہیں، ہمیں بہت بڑے چینلجز کا سامنا ہے۔''

 اس اتحاد کو ٹریفک سگنل اتحاد بھی کہا جاتا ہے۔ سینٹر لیفٹ سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹ کو سرخ رنگ سے جانا جاتا ہے۔ آزاد مارکیٹ کی حامی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی یا ایف ڈی پی کو پیلے رنگ سے اور ملک کی گرین پارٹی کو ہرے رنگ سے جانا جاتا ہے۔

ب ج، ک م (ڈی پی اے)