1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان: مہاجر  بچوں کی پولیس کی نگرانی میں اسکول روانگی

صائمہ حیدر
11 اکتوبر 2016

یونان کے ایک شمالی گاؤں میں مہاجر بچوں کی تعلیم کے ایک سرکاری پروگرام کے اجراء پر مقامی والدین کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کے باعث  پناہ گزین بچوں کو پولیس کی نگرانی میں اسکول جانا پڑا۔

https://p.dw.com/p/2R6Tz
Griechenland Einschulung von Flüchtlingskindern unter Polizeischutz
تصویر: Getty Images/AFP/S. Mitrolidis
Griechenland Einschulung von Flüchtlingskindern unter Polizeischutz
تصویر: Getty Images/AFP/S. Mitrolidis

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر 10 اکتوبر کو قریب ایک سو پولیس اہلکاروں نے یونان کے شمالی شہر تھیسالونیکی سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع  ’پروفیٹیس‘ کے دیہات میں  چالیس مہاجر بچوں کے اسکول جانے کے لیے راستہ بنایا۔ ان بچوں میں افغانستان اور شام سے تعلق رکھنے والے بچے شامل تھے۔

 اے ایف پی کے رپورٹر کے مطابق یہ بچے بہت گھبرائے ہوئےنظر آ رہے تھے۔

 اس سے قبل مقامی افراد کی تقریباﹰ اتنی ہی تعداد نے اسکول کے گیٹ کو تالا لگا دیا تھا۔ اور یونانی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ایک یونانی بچے کے والدین نے چیخ کر کہا،’’ اگر ہمارے بچوں کا ریپ کیا گیا تو اس کی ذمّہ داری کون لے گا۔‘‘ یونانی بچوں کے والدین کا کہنا تھا کہ اُ نہیں بتایا گیا ہے کہ پناہ گزین بچوں کی ویکسینیشن کرائی گئی ہے تاہم اُنہیں اس بات پر یقین نہیں۔

 یونان بھر میں بیس اسکولوں میں جنگ زدہ ممالک سے ہجرت کر کے آنے والے  پندرہ سو مہاجر بچوں نے سرکاری پروگرام کے تحت پیر کے روز پہلی بار کلاسوں میں شرکت کی۔ پولیس حکام کے مطابق دیگر ایسے اسکولوں میں، جہاں مہاجر بچوں کے تعلیمی منصوبے کا اجراء کیا گیا، ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

Griechenland Einschulung von Flüchtlingskindern unter Polizeischutz
تصویر: Getty Images/AFP/S. Mitrolidis

 یونان میں وزارتِ تعلیم کا کہنا ہے کہ زیادہ تر اسکولوں میں والدین اور بچوں نے مہاجر طلباء و طالبات کا پر جوش خیر مقدم کیا۔ تھیسالونیکی اور اس کے مضافات کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں پناہ گزین بچوں کے لیے دوپہر کو کلاسز کا بندو بست کیا گیا ہے۔

 یونانی حکام نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی بچہ بغیر ویکسینیشن کروائے تعلیمی پروگرام میں حصہ نہیں لے سکتا۔ یونان کی وزارتِ تعلیم کے مطابق رواں ماہ کے آخر تک دس ہزار سے زائد بچے اس تعلیمی پروگرام کا حصہ بن جائیں گے۔

یونانی حکومت نے ابتداء میں کہا تھا کہ ستمبر کے آخر سے لگ بھگ اٹھارہ سو مہاجر بچوں کو اسکولوں میں رجسٹر کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سال کے آغاز میں بلقان ریاستوں کی جانب سے سر‌حدیں مکمل طور پر بند کیے جانے کے بعد ساٹھ ہزار کے قریب پناہ گزین اور تارکین وطن یونان میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سرحدیں بند ہونے سے قبل یہ مہاجرین وسطی اور شمالی یورپ جانے کی کوشش میں تھے۔