1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کے شہریوں کی غیر ملکی زبانوں پر مہارت میں اضافہ

26 مئی 2024

ایک تازہ سروے کے نتائج کے مطابق 60 فیصد یورپی باشندے اپنی مادری زبان کے علاوہ کسی دوسری زبان میں بھی بات کر سکتے ہیں۔ تاہم جرمن زبان بولنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4gEBw
 ایک سروے کے مطابق حالیہ برسوں میں یورپی یونین کے شہریوں کی غیر ملکی زبانوں پر مہارت میں اضافہ ہوا
ایک سروے کے مطابق حالیہ برسوں میں یورپی یونین کے شہریوں کی غیر ملکی زبانوں پر مہارت میں اضافہ ہوا تصویر: DW/S. Bandopadhyay

حالیہ برسوں میںیورپی یونین کے شہریوں کی غیر ملکی زبانوں پر مہارت میں اضافہ ہوا ہے لیکن جرمن زبان کے معاملے میں ایسا نہیں ہے کیونکہ اس کے بولنے والوں کی تعداد میں کمی نوٹ کی گئی ہے۔ اس بات کا انکشاف برسلز میں یورپی کمیشن کی طرف سے منگل کو شائع کیے گئے یورو بیرومیٹر سروے میں کیا گیا ہے۔

2023 میں یورپی یونین کے تقریباً ساٹھ فیصد باشندوں نے کہا کہ وہ اپنی مادری زبان کے علاوہ کسی دوسری زبان میں بھی بات چیت کر سکتے ہیں۔ یہ تعداد آخری مرتبہ 2012 میں کیے گئے سروے کے نتائج سے تین فیصد زائد ہے جبکہ یہ شرح 15 سے 24 سال کی عمر کے تقریباً 80 فیصد افراد کے معاملے میں گزشتہ سروے کی نسبت پانچ فیصد زیادہ ہے۔

غیر ملکی زبانوں میں مہارت 70 فیصد کی شرح کے ساتھ یورپی یونین کے نوجوان شہریوں میں اور بھی زیادہ ہے
غیر ملکی زبانوں میں مہارت 70 فیصد کی شرح کے ساتھ یورپی یونین کے نوجوان شہریوں میں اور بھی زیادہ ہےتصویر: Khosrow Rajab Kordi/Zoonar/picture alliance

 جرمن اب بھی یورپی یونین میں سب سے زیادہ بولی جانے والی غیر ملکی زبانوں میں سے ایک ہے۔ یورو بیرو میٹر سروے کے مطابق دس فیصد یورپی شہری جرمن میں بات چیت کر سکتے ہیں۔ تاہم جرمن بولنے والوں کی یہ نئی شرح  2012 ءکے  سروے کے مقابلے میں دو پوائنٹس کم ہے جبکہ 15 سے 24 سال کی عمر کے نوجوانوں میں جرمن بول چال کی مہارت چار پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بارہ فیصد تک گر گئی ہے۔

تاہم انگریزی کے ساتھ صورتحال مختلف ہے۔ یہ زبان  تقریباً نصف یورپی باشندے غیر ملکی یا دوسری زبان کے طور پر بولتے ہیں اور پچھلے سروے کے مقابلے میں اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ حیرت انگیز بات ہے کہ غیر ملکی زبانوں میں مہارت 70 فیصد کی شرح کے ساتھ یورپی یونین کے نوجوان شہریوں میں اور بھی زیادہ ہے۔  یورپی یونین میں کل 11فیصد غیر مقامی زبانیں بولنے والے فرانسیسی میں گفتگو کر سکتے ہیں، جو اس  زبان کو جرمن (10فیصد) اور ہسپانوی (7 فیصد) کے مقابلے میں بہتر درجہ بندی پر لے جاتی ہے۔

یورپی کمیشن کے مطابق اس سروے کے لیے یورپی یونین کے 27 رکن ممالک میں 15 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 26,500 سے زائد افراد سے انٹرویوز کیے گئے۔ یہ سروے ستمبر اور اکتوبر 2023 کے درمیان تمام ممالک میں بالمشافہ جبکہ چیک ریپبلک، ڈنمارک، مالٹا اور فن لینڈ میں سروے دہندگان کی طرف سے خود مکمل کیے جانے والے تحریری انٹرویوز کے ذریعے کیا گیا۔

ش ر⁄ ا ا ( ڈی پی اے)

مہاجرین کے لیے مساجد میں جرمن زبان کی مفت کلاسیں