1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاکی ورلڈ کپ:کینیڈا کے خلاف جرمنی کی شاندار جیت

3 مارچ 2010

نئی دہلی میں جاری ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی نے کینیڈا کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے عبرتناک شکست دے دی ہے۔ ٹورنامنٹ میں جرمن ٹیم نے اپنا پہلا میچ ڈرا کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/MIuD
تصویر: AP

2002ء اور 2006ء کے عالمی کپ ٹورنامنٹس کی چیمپیئن ٹیم جرمنی اس مرتبہ اپنے ورلڈ ٹائٹل کی ’ہیٹ ٹرک‘ مکمل کرنا چاہتی ہے۔ جرمنی نے ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ شاندار طریقے سے جیت کر اپنےگروپ ’اے‘ میں شامل دیگر ٹیموں پر یہ واضح کر دیا ہے کہ مقابلہ کتنا سخت ہے۔

Hockey Weltmeisterschaft Indien
ہاکی ورلڈ کپ 2010ء میں شریک بارہ ٹیموں کے کپتان نئی دہلی میںتصویر: AP

جرمنی نے پہلے ہالف میں ہی کینیڈا کے خلاف یکے بعد دیگرے چار گول داغے، جن میں سے تین پینلٹی کارنر کے ذریعے کئے گئے۔ جرمن کھلاڑی بینیامن ویس نے کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں فیلڈ گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔ اس برتری کے بعد جرمن ٹیم نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

بینیامن ویس، یان مارکو مونٹاگ، ماکس مولر اور مارٹن ہانر نے ایک ایک جبکہ ’مین آف دی میچ‘ فلوریان فوخس نے دو گول سکور کئے۔ کینیڈا کے خلاف جیت کے ساتھ ہی اب جرمنی کو اپنے دو میچوں میں چار پوائنٹ حاصل ہوگئے ہیں۔

Field Hockey World Cup in Moenchengladbach - western Germany
2002ء اور 2006ء کے عالمی کپ ٹورنامنٹس کی چیمپیئن ٹیم جرمنی اس مرتبہ اپنے ورلڈ ٹائٹل کی ’ہیٹ ٹرک‘ مکمل کرنا چاہتی ہےتصویر: AP

جرمن ٹیم کے کوچ مارکوس وائزے نے جیت کے بعد کہا:’’مجھے خوشی ہے کہ پہلے میچ میں ہماری ٹیم نے جو غلطیاں کیں، انہیں دہرایا نہیں گیا۔‘‘

عالمی درجہ بندی میں گیارہویں نمبر والی کینیڈا ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ بھی ہار گئی تھی۔ اس طرح کینیڈا اب تک کوئی بھی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکا ہے۔

Pakistanischer Hockeyspieler Sohail Abbas
پاکستانی ہاکی سٹار سہیل عباستصویر: AP

نئی دہلی کے دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ہاکی عالمی کپ 2010ء کے اپنے پہلے میچ میں جرمن ٹیم اپنے مداحوں کے دل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔گروپ ’اے‘ میں جرمنی اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا گیا پہلا میچ دو دو گول کی برابری پر ختم ہوا تھا۔

ادھر گروپ ’بی‘ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے منگل کو ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی جیت درج کی۔ پہلے میچ میں اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر عالمی کپ ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن قدرے بہتر کر لی۔ پاکستان کی طرف سے اسپین کے خلاف ریحان بٹ اور عبدالحسیم نے ایک ایک گول سکور کیا تھا۔ جواب میں اسپین کی ٹیم ایک ہی گول کر سکی تھی۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید