کینیڈا: عارضی غیر ملکی ورکرز کو کم کرنے کا فیصلہ
27 اگست 2024کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کے روز اعلان کیا کہ ان کی حکومت کم اجرت پر کام کرنے والے عارضی غیر ملکی ملازمین کی تعداد میں کمی کرے گی۔
کینیڈا نے ایران کے پاسداران انقلا ب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا
کینیڈین وزیر اعظم نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، "ہم کینیڈا میں کم اجرت پر کام کرنے والے عارضی غیر ملکی ورکرز کی تعداد کم کر رہے ہیں۔ لیبر مارکیٹ بدل گئی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہمارے کاروبار کینیڈا کے ملازمین اور نوجوانوں میں سرمایہ کاری کریں۔"
کینیڈا کی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے بعد مزدوروں کی شدید قلت کے دوران پابندیوں میں نرمی کر دی تھی، جس کی وجہ سے غیر ملکی ورکرز کی تعداد میں تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا اور اب کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ اسی اقدام نے تارکین وطن اور نوجوانوں میں بے روزگاری کو زبردست ہوا دی۔
چھ سال میں بیرون ملک زیر تعلیم چار سو سے زائد بھارتی طلبہ کی موت
کینیڈا کی حکومت نے یہ اعلان ایک ایسے وقت کیا ہے، جب ملک تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی سے نبرد آزما ہے۔ ملک کے ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ سے رہائش اور صحت کی دیکھ بھال جیسی عوامی خدمات کے حوالے سے حکومت پر زبردست دباؤ ہے۔
جسٹن ٹروڈ نے کیا کہا؟
ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم ٹروڈو نے کہا کہ وہ لیبر مارکیٹ میں تبدیلیوں کی وجہ سے عارضی غیر ملکی کارکنوں کے پروگرام میں نظر ثانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "ایک اچھی ملازمت کی تلاش میں جدوجہد کرنے والے کینیڈین شہریوں کے لیے یہ انصاف کی بات نہیں ہے اور یہ ان عارضی غیر ملکی ورکرز کے لیے بھی مناسب نہیں ہے، جن میں سے کچھ کے ساتھ بدسلوکی اور استحصال کیا جا رہا ہے۔"
سکھ رہنما کے قتل کی سازش: بھارتی سرکاری اہلکار ملوث، امریکہ
کینیڈا نے ورکرز کی کمی پورا کرنے کے لیے 'ٹیمپریری فارن ورکر' (ٹی ایف ڈبلیو) کی اسکیم شروع کی تھی اور تازہ فیصلے کی روشنی میں اب آجروں کو اب اس پروگرام کے تحت اپنی کل افرادی قوت کا 10 فیصد سے زیادہ بھرتی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
عارضی غیر ملکی کارکنوں کے دو سالہ کنٹریکٹ کی میعاد بھی کم کر کے اب ایک برس کر دی جائے گی۔
ایک حکومتی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹی ایف ڈبلیو پروگرام کا استعمال "کینیڈا میں باصلاحیت کارکنوں کی خدمات حاصل کرنے میں رکاوٹ" کے لیے کیا گیا ہے۔
روزگار اور افرادی قوت کی ترقی کے وزیر رینڈی بوسونالٹ نے کہا، "عارضی غیر ملکی ورکر پروگرام کو لیبر مارکیٹ کی کمی کو دور کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا جب اہل کینیڈین ان کرداروں کو پر کرنے کے قابل نہیں تھے۔ ابھی، ہم جانتے ہیں کہ کھلی جگہوں کو پر کرنے کے لیے زیادہ اہل کینیڈین ہیں۔ آج ہم جو تبدیلیاں کر رہے ہیں وہ کینیڈین کارکنوں کو ترجیح دیں گے۔"
کینیڈا: عدالت نے ایک شخص کو مسلم خاندان پر گاڑی چڑھانے کا مجرم قرار دیا
بیان کے مطابق یہ، "اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ کینیڈین اس پروگرام پر بھروسہ کر سکتے ہیں جو ہماری معیشت کی ضروریات کو پورا کر رہا ہے۔"
کینیڈا میں بے روزگاری
ایمپلائمنٹ اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ کینیڈا کے مطابق سن 2023 میں تقریباً 183,820 عارضی غیر ملکی ورکرز کو اجازت نامے دیے گئے تھے، جو کہ سن 2019 کے مقابلے میں 88 فیصد سے زیادہ ہے۔
یہ نیا منصوبہ کم اجرت والے عارضی غیر ملکی کارکنوں کا حصہ مجموعی طور پر کم کر دے گا۔ یہ نئی تبدیلیاں 26 ستمبر سے نافذ العمل ہوں گی۔
خالصتان تنازعے پر کینیڈا کو امریکی 'حمایت'
وفاقی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس کینیڈا کی آبادی میں جو بھی اضافہ ہوا، اس کی اہم وجہ امیگریشن تھی، اور تقریباً 97 فیصد اضافہ اسی وجہ سے ہوا۔
جسٹن ٹروڈو اور ان کی حکومت پر سروسز مہیا کرنے یا مکانات کی تعمیر کیے بغیر امیگریشن میں اضافہ کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
کینیڈا میں گزشتہ دو مہینوں میں بے روزگاری کی شرح 6.4 فیصد تک بڑھ گئی ہے اور ایک اندازے کے مطابق ملک بھر اس وقت تقریبا چودہ لاکھ افراد بے روزگار ہیں۔
ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے پی)