کشمیر: نیلا آسمان، سبز پہاڑ، سنہری جھیلیں
کشمیر دلفریب مناظر، جھیلوں اور سرسبز و شاداب وادیوں کی سر زمین ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے کچھ ایسے ہی دلفریب مناظر اور ان کی تفصیل پیش ہے۔
آزاد پتن
کہوٹہ کے راستے کشمیر جاتے ہوئے پہلا خوبصورت منظر ایک چھوٹے سے ڈیم کا ہے جو آزاد پتن میں بنا ہوا ہے۔ یہ کسی خوبصورت جھیل جیسا دلکش دکھائی دیتا ہے۔ مقامی لوگ اسے ’اولہاڑ ڈیم‘ کہتے ہیں۔
تولی پیر
راولاکوٹ کی پہاڑی چوٹی جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے وہاں سبز قالین بچھا ہو۔ ایک قدیم مزار کی نسبت سے یہ چوٹی تولی پیر کہلاتی ہے۔ درختوں کے درمیان مسلسل سفر کرنے کے بعد سبز گھاس کا میدان ایک پرلطف نظارہ ہے۔ نومبر میں یہاں سفید برف کی چادر بچھی ہو گی۔
بنجوسہ جھیل
یہ انسان کی تعمیر کردہ ایک خوبصورت جھیل ہے اور یہ راولاکوٹ کا مشہور سیاحتی مقام ہے۔ اس کا ایک کنارہ بلند و بالا درختوں سے گھرا ہے جن کا عکس جھیل کے پانی میں دلچسپ نظارہ پیش کرتا ہے۔ رنگ برنگی کشتیاں، خوبصورت ریسٹ ہاؤس اور آسمان پہ سفید بادل، ہر طرف دل موہ لینے والے نظارے ہیں۔
کھلی فضا میں گھوڑوں کا لشکر
ایک ساتھ اتنے زیادہ خوبصورت گھوڑے، چھوٹی سی نہر اور پیچھے گہرے سبز چغے میں ملبوس پہاڑ۔ یہ گھوڑے پاکستانی فوج کے ہیں جنہیں چھوٹی یونٹوں تک سامان پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ جس جگہ گھاس چر رہے ہیں اسے کشمیری لوگ ’رنگڑھ‘ یعنی چھوٹا نالہ بولتے ہیں۔
گنگا چوٹی کی طرف جانے والی پگڈنڈی
صرف باغ ہی نہیں بلکہ کشمیر کے خوبصورت ترین مقامات میں سے ایک گنگا چوٹی تقریباً دس ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ یہ دراصل مختلف چھوٹی چھوٹی پہاڑی چوٹیوں کا سلسلہ ہے جہاں آپ مختلف پگڈنڈیوں کے ذریعے پہنچ سکتے ہیں۔ گھاس کا میدان اور ہر گھڑی بدلتا موسم سماں باندھ دیتے ہیں۔
گنگا چوٹی
گنگا چوٹی کے ایک طرف گھنے درختوں کا سلسلہ ہے جبکہ دوسری طرف گھاس کا میدان۔ یہاں چرواہے جنہیں مقامی لوگ ’بکروال‘ کہتے ہیں اپنی بکریاں چراتے ہیں۔ ان کی مدھر بانسری سننا ایک دیو مالائی تجربہ ہوتا ہے۔ ’ہر گھڑی بدل رہی ہے روپ زندگی‘ کا مفہوم یہاں واضح ہوتا ہے کہ بادل، دھند، دھوپ، کسی بھی لمحے آسمان کوئی بھی تحفہ عطا کر سکتا ہے۔
پہاڑوں میں کھیل کا میدان
پاکستان میں آپ کسی جگہ چلے جائیں کرکٹ کھیلتے لڑکے نظر آ جائیں گے۔ کشمیر کی گنگا چوٹی پارکنگ، گراؤنڈ اور چھوٹے بچوں کے جھولوں کی جگہ جو چاروں طرف سے پہاڑوں میں گھری ہے اور کسی وادی کا منظر پیش کرتی ہے۔
شجر پہ بنا آشیانہ
بنجوسہ جھیل کے پاس آرمی گیسٹ ہاؤس میں واقع ٹری ہاؤس اندر باہر سے بہت خوبصورت ہے۔ یہ مکمل لکڑی سے بنا ہوا ہے۔ اندر آرام دہ صوفے لگے ہیں، کھڑی سے ایک طرف گھنے جنگل اور دوسری طرف جھیل کا نظارہ ملتا ہے۔
کشمیر کا ایک بازار
کشمیر کا ایک ڈھلوانی بازار جس کی پشت پر سر سبز پہاڑ دیکھے جا سکتے ہیں۔ آسمان پہ بادل ہوں تو یہ معمولی سا منظر بھی دیومالائی حسن میں تبدیل ہو جاتا ہے۔