1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل کے الیکشن سنٹر میں دھماکا، ہلاکتوں کی تعداد 48 ہوگئی

22 اپریل 2018

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ دھماکا ووٹروں کے رجسٹریشن سنٹر میں ہوا۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2wSfU
Afghanistan Selbstmordanschlag in Kabul
تصویر: Reuters/O. Sobhani

کابل کے ایک ووٹر رجسٹریشن سنٹر میں ہونے والے خودکش بم حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 48 تک پہنچ چکی ہے۔ خبر رساں دارے اے ایف پی نے یہ بات افغان وزارت داخلہ کے حوالے سے بتائی ہے۔ اس وزارت کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق ہلاک ہونے والے 48 افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی تعداد 112 بتائی ہے۔

اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز نے افغان وزارت صحت کے حوالے سے بتایا تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 54 بتائی گئی تھی۔

ابتداء میں کابل پولیس کے سربراہ عبدالرحمان رحیمی نے مقامی تولو نیوز ٹیلی وژن کو بتایا کہ یہ بم دھماکا بظاہر ایک خودکش حملہ آور نے کیا۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے قبل ازیں افغان وزارت صحت کے حوالے سے بتایا تھا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر سات تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت کے ترجمان وحید اللہ مجروح کے مطابق زخمیوں کی تعداد 35 تھی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہےکہ  افغان دارالحکومت کابل میں گزشتہ کئی ہفتوں کے نسبتاﹰ سکون کے بعد یہ دھماکا ہوا ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش نے قبول کی ہے۔

Afghanistan Selbstmordanschlag in Kabul
اس حملے کا نشانہ کابل شہر کے مغربی حصے کے علاقے دشتِ برخی میں واقع ایک رجسٹریشن سنٹر بنا۔تصویر: Reuters/O. Sobhani

افغانستان میں طویل عرصے سے تعطل کے شکار پارلیمانی انتخابات رواں برس اکتوبر میں ہونا ہیں اور اس سلسلے میں ملک بھر میں ووٹروں کی رجسٹریشن کے لیے مراکز بنائے گئے ہیں۔ ان مراکز کے بارے میں خدشات پائے جا رہے تھے کہ یہ عسکریت پسندوں کے حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق آج اتوار 22 اپریل کو ہونے والے اس حملے کا نشانہ کابل شہر کے مغربی حصے کے علاقے دشتِ برخی میں واقع ایک رجسٹریشن سنٹر بنا۔ اس علاقے میں زیادہ تر شیعہ ہزارہ مسلمان برادری کے لوگ آباد ہیں جو اکثر دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔ اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش کی طرف سے قبول کی جاتی ہے۔

ا ب ا / ص ح (روئٹرز)