1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی ایس ایل 2026 کے فائنل کی تیاریاں مکمل

2 مئی 2026

پی ایس ایل کے گیارہوں ایڈشن کے اتوار، تین مئی کو منعقد ہونے والے فائنل میں ایک یادگار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، جس میں تجربہ کار ٹیم پشاور زلمی کا سامنا ٹورنامنٹ کی نووارد اور سنسنی خیز ٹیم حیدرآباد کنگز مین سے ہوگا۔

https://p.dw.com/p/5DAOQ
حیدر آباد کنگز مین نے کے کھلاڑی عثمان خان ایک شاٹ لگا رہے ہیں
فائنل مین تجربہ کار ٹیم پشاور زلمی کا سامنا ٹورنامنٹ کی نووارد ٹیم حیدرآباد کنگز مین سے ہوگاتصویر: Murtaza Ali/NurPhoto/IMAGO

پشاور زلمی ایک شاندار پرفارمنس کے بعد پورے اعتماد کے ساتھ پاکستان سپر لیگ 2026 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں قدم رکھ رہی ہے۔ انہوں نے 28 اپریل کو کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کی تھی۔ اپنے تجربہ کار کھلاڑیوں کی قیادت میں زلمی کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں حاوی رہی ہے، جہاں انہوں نے پاور پلے میں جارحانہ بیٹنگ اور آخری اوورز میں نپی تلی باؤلنگ کا بہترین امتزاج پیش کیا ہے۔

دوسری جانب، حیدرآباد کنگز مین کا فائنل تک کا سفر اونچ نیچ کا شکار رہا۔ لیگ اسٹیج میں بہترین کارکردگی کے بعد، اس ٹیم کی فائنل تک رسائی نہایت سنسنی خیز رہی۔ اس ٹیم نے لگاتار دو ناک آؤٹ میچز جیتے۔ ایلیمینیٹر ون میں ملتان سلطانز کو شکست دینے کے بعد، کنگز مین نے ایلیمینیٹر ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایک ہارا ہوا میچ اپنے نام کیا۔

پشاور زلمی ٹیم کے کپتان بابر اعظم
اس ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ 588 رنز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کیے ہیںتصویر: Action Plus/imago images

186 رنز کے نسبتاﹰ کم اسکور کا دفاع کرتے ہوئے، نوجوان فاسٹ باؤلر حنین شاہ نے آخری اوور میں اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور چھ رنز کا دفاع کرتے ہوئے فتح دلا کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔

لاہور میں اس فائنل کے حوالے سے ماحول انتہائی پرجوش ہونے کی توقع ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے بعد شائقین کو پلے آف اور فائنل کے لیے اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی گئی۔ اس سے قبل توانائی کی بچت کے اقدامات کے باعث لیگ کے میچز خالی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔

اختتامی تقریب کا آغاز اتوار کی شام 6:30 بجے شیڈول ہے، جس میں مقامی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور ڈرون لائٹ شو بھی منعقد کیا جائے گا، جس کے بعد رات 7:00 بجے میچ کی پہلی گیند پھینکی جائے گی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایلیمینیٹر ٹو میں حیدرآباد کنگز مین کے معاذ صداقت کی وکٹ حاصل کرنے پر خوشی منا رہی ہے
حیدرآباد کنگز مین نے ایلیمینیٹر ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایک ہارا ہوا میچ اپنے نام کیاتصویر: Murtaza Ali/NurPhoto/IMAGO

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2026 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں 1,500 سے 12,000 روپے کے درمیان ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوگا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ  2017 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 588 رنز اسکور کرنے والے بابر اعظم کی قیادت میں ایک بار پھر ٹرافی اٹھاتی ہے یا حیدرآباد کنگز مین اپنی پہلی ہی شرکت میں چیمپئن بن کر تاریخ رقم کرتے ہیں۔

ادارت: عاطف بلوچ