پوپ فرانسس کا جکارتہ پہنچنے پر روایتی خیر مقدم
3 ستمبر 2024دنیا کے 1.3 بلین کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس کا جکارتہ پہنچنے پر روایتی خیر مقدم کیا گیا۔ وہ انڈونیشیا میں تین روز قیام کریں گے۔ اس کے بعد پاپوا نیوگنی، مشرقی تیمور اور سنگاپور جائیں گے۔
صحت کے مسائل سے دوچار پوپ کا یہ دورہ ان کی پاپائیت کے دور کا اب تک کا سب سے طویل دورہ ہے۔ تقریباﹰ تیرہ گھنٹے کی پرواز کے بعد جکارتہ ہوائی اڈے پر وہ جہاز سے مسکراتے ہوئے باہر آئے۔
پوپ فرانسس انڈونیشیا کی مسجد استقلال میں خطاب کریں گے
پوپ فرانسس کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ
اپنے ساتھ آنے والے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "میں اس سفر پر آنے کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سفرمیں ساتھ رہنے کا شکریہ۔ میرے خیال میں یہ سب سے طویل پرواز ہے جو میں نے کی ہے۔"
بین المذاہبی ہم آہنگی کو فروغ
بین المذاہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پوپ فرانسس جمعرات کے روز جکارتہ کی مشہور استقلال مسجد میں ایک اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں انڈونیشیا میں سرکاری طور پر تسلیم شدہ چھ مذاہب، اسلام، بدھ مت، کنفیوشس ازم، ہندومت، کیتھولک اور پروٹسٹنٹ ازم کے مندوبین شرکت کریں گے۔
انڈونیشیا کی جانب سے مختلف عقائد کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کے باوجود، وہاں بشمول عیسائیوں کے خلاف، بڑھتے ہوئے تفریقی سلوک پرخدشات ظاہر کئے جاتے ہیں۔ مقامی کیتھولک مسیحیوں کو امید ہے کہ پوپ اس موضوع پر بھی بات کریں گے۔
سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی کے ماہر مذہبیات اور ماہر بشریات مشیل چیمبون نے کہا کہ پوپ ایک وسیع تر اور جامع پیغام دیں گے جو وہ پہلے بھی دوسرے مسلم اکثریتی ممالک، بشمول عراق سے لے کر بحرین، ترکی اور مراکش تک دے چکے ہیں۔
انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس دورے کا مقصد "حقیقت میں انڈونیشیا میں کیتھولکس پر مرکوز نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد اسلام-عیسائیت مکالمے کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔"
ملک کی مذہبی امور کی وزارت نے بھی اس دورے کو انڈونیشیا کے مذہبی تنوع کی علامت قرار دیا ہے۔
انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے تیسرے پوپ
پوپ فرانسس استقلال مسجد میں، امام مسجد کے ساتھ ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کریں گے جس میں انڈونیشیا کے بشپس کی کانفرنس کے مطابق، خاص طور پر تشدد اور تنازعات کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی انحطاط پر توجہ دی جائے گی۔
فرانسس نے عالمی برادری پر بار بار زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں بشمول سمندر کی بڑھتی ہوئی سطح، جس سے جکارتہ کو خطرہ ہے کا مقابلہ کرنے اور اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کرے ۔
پوپ فرانسس انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے تیسرے پوپ ہیں۔ اس سے قبل پوپ پال ششم سن انیس سو ستر میں اور سینٹ جان پال دوم سن انیس سو نواسی میں دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والے اس ملک کا دورہ کرچکے ہیں۔ جو ویٹیکن کی جانب سے مسلم اور کیتھولک مسیحیوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
ج ا ⁄ ص ز (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)