1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نامور جرمن تھئیٹر اور فلم ڈائریکٹر پیٹر صادق کا انتقال

رپورٹ: امجد علی، ادارت: شامل شمس31 جولائی 2009

جرمنی میں تھئیٹر اور فلم کے شعبوں کے لیجنڈری ہدایتکار پیٹر صادق طویل علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں ہیمبرگ میں انتقال کر گئے۔ اُن کی وفات کو جرمن تھئیٹر کے لئے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/J0aS
صادق نے اپنا پہلا اوپرا 1983ء میں اسٹیج پر پیش کیاتصویر: AP

پیٹر صادق کے انتقال پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جرمن سربراہِ مملکت ہورسٹ کوہلر نے اُنہیں موجودہ عہد کے عظیم ترین تھئیٹر ہدایتکاروں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ جرمن وزیر مملکت برائے ثقافت بیرنڈ نوئیمان نے کہا کہ جرمن تھئیٹر عہدِ حاضر کے اہم ترین ڈائریکٹرز میں شمار ہونے والی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔

مئی 1926ء میں برلن میں ایک یہودی گھرانے میں جنم لینے والے پیٹر صادق بلاشبہ جرمن زبان کے ڈراموں کے شعبے کے عظیم ترین ہدایتکاروں میں سے ایک تھے۔ جب جرمنی میں نازی سوشلسٹ برسرِ اقتدار آئے تو پیٹر صادق بھی اپنے کنبے کے ہمراہ نقل مکانی کرتے ہوئے برطانیہ چلے گئے۔

Österreich Theaterregisseur Peter Zadek gestorben
جرمن سربراہِ مملکت ہورسٹ کوہلر نے صادق کو موجودہ عہد کے عظیم ترین تھئیٹر ہدایتکاروں میں سے ایک قرار دیا ہےتصویر: picture alliance / dpa

برطانیہ میں یہ یہودی گھرانہ شروع شروع میں لندن میں مقیم رہا لیکن پھر دوسری عالمی جنگ کے دوران اِس نے آکسفورڈ کو اپنا مسکن بنایا اور اِسی شہر میں اسٹیج اور تھئیٹر کی دُنیا کے ساتھ پیٹر صادق کے پھر کبھی نہ ٹوٹنے والے رشتے کا آغاز ہوا۔

پیٹر صادق تھئیٹر پڑھنے کے لئے لندن واپس آئے، جہاں اُنہوں نے اپنے ابتدائی ڈرامے اسٹیج کئے۔ اِن میں آسکر وائلڈ کی تخلیق ’’سالومی‘‘ اور ٹی ایس ایلیٹ کا شاہکار ’’سوینی ایگونسٹس‘‘ بھی شامل تھے۔

1958ء میں وہ جرمنی واپس آئے، 1962ء سے چھ سال کے لئے شہر بریمن میں تھئیٹر کے شعبے میں کام کیا۔ پھر اُنہیں جرمن شہر بوخم کی تمثیل گاہ کا سربراہ بنایا گیا۔ یہ ذمہ داریاں وہ 1972ء سے لے کر 1975ء تک نبھاتے رہے۔

Peter Zadek Inszeniert Peer Gynt
پیٹر صادق ڈراموں کی ریہرسل کے دوران کسی اور کو پردے کے پیچھے جھانکنے کا موقع کم ہی فراہم کرتے تھے۔ ایسے ہی ایک نادر موقع کی تصویرتصویر: dffb

صادق نے اپنا پہلا اوپرا 1983ء میں اسٹیج پر پیش کیا۔ یہ تھا، موزارت کا ’’دا میریج آف فگارو‘‘۔ 1985ء تا نواسی وہ ہیمبرگ کے جرمن تمثیل گھر کے سربراہ رہے جبکہ 1992ء تا چورانوے برلن کے عالمی شہرت یافتہ بیرلینر اینسامبل میں نائب ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔

جرمنی کے ہمسایہ ملک آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بھی اُنہوں نے کئی یادگار ڈرامے اسٹیج کئے، جن میں ولیم شیکسپیئر کے ’’دا مرچنٹ آف وینس‘‘ کے ساتھ ساتھ چیخوف کی بھی کئی یادگار تخلیقات شامل ہیں۔ پیٹر صادق نے ٹیلی وژن کے لئے کسی فلموں کی بھی ہدایات دیں۔

اُن کی آخری پیشکش جارج بیرنارڈ شا کی ’’میجر باربرا‘‘ تھی۔ یہ کھیل اِس سال فروری میں سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورچ میں اسٹیج کیا گیا۔