نئے پولش صدر کومورووسکی کو اوباما کی مبارکباد
6 جولائی 2010سوک پلیٹ فارم پارٹی سے تعلق رکھنے والے کومورووسکی کو تقریباً 53 فیصد ووٹ ملے۔ ان کے مقابلے میں قدامت پسند جماعت کے یاروسلاو کاچنسکی تھے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبس کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے پولینڈ کے نومنتخب صدر کومورووسکی کے ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں پولستانی عوام کی بھی تعریف کی۔ باراک اوباما نے کہا کہ جہاز حادثے میں صدر لیخ کاچنسکی اور اہم فوجی و سویلین رہنماؤں کی ہلاکت کے بعد پولستانی عوام نے جس طرح سے صورتحال کا مقابلہ کیا اور بڑے تدبر کے ساتھ نئے صدر کا انتخاب کیا، وہ لائق تعریف ہے۔ گبس نے اپنے بیان میں کہا:’’امریکہ اور پولینڈ قریبی اتحادی اور دنیا بھر میں آزادی، سلامتی اور برابری کے مشترکہ حامی ہیں۔‘‘
امریکی صدر باراک اوباما نے افغانستان جنگ کے لئے پولینڈ کی معاونت پر بھی وارسا کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ کومورووسکی کی صدارتی مہم میں افغانستان سے پولستانی فوجیوں کی سن 2012ء تک واپسی کا موضوع بھی شامل تھا۔ صدر اوباما نے نومنتخب پولستانی صدر کو واشنگٹن کے دورے کی دعوت بھی دی۔
پیر کے روز پولینڈ کے صدارتی انتخابات میں لبرل جماعت کے رہنما کومورووسکی کے مقابلے میں آنجہانی صدر لیخ کاچنسکی کے جڑواں بھائی یاروسلاو کاچنسکی کو 46 اعشاریہ نو فیصد ووٹ ملے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں مجموعی ٹرن آؤٹ 55 اعشاریہ تین فیصد رہا۔ لیخ کاچنسکی کی ہلاکت کے بعد اُس وقت پارلیمان کے اسپیکر برونسلاوکومورووسکی نے عبوری صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : امجد علی