1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کی ملک بدری کو دوگنا کیا جائے، جرمن اہل کار

شامل شمس9 اپریل 2016

جرمن حکومت کے مہاجرین سے متعلق کوآرڈینیٹر نے ملکی ریاستوں پر زور دیا ہے کہ مہاجرین کی ملک بدری کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے ترکی اور یورپی یونین کے درمیان مہاجرین سے متعلق متنازعہ معاہدے کی بھی حمایت کی۔

https://p.dw.com/p/1ISTa
تصویر: Reuters/M. Dalder

جرمن حکومتی اہل کار پیٹر آلٹمائر کا ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جرمن ریاستوں کو کوشش کرنا چاہیے کہ رواں برس کے اختتام تک ان مہاجرین کی ملک بدری کو دوگنا کر دیں جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔

آلٹمائر کا کہنا تھا، ’’گزشتہ برس، سینتیس ہزار دو سو بیس مہاجرین رضاکارانہ طور پر جرمنی چھوڑ گئے تھے جب کہ بائیس ہزار دو سو بیس کو ہم نے ملک بدر کر دیا تھا۔ اس تعداد کو دوگنا کیا جا سکتا ہے، اور جرمن ریاستوں کو اس ضمن میں کردار ادا کرنا ہوگا۔‘‘

آلٹمائر کا کہنا تھا کہ مہاجرین سے متعلق جرمن حکومت کا دفتر اس وقت قریباً پچاس ہزار کیسز فی مہینہ کے حساب سے جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ان میں ایک تہائی کے قریب پناہ کی درخواستیں مسترد کر دی جاتی ہیں۔ ’’ہمیں یقینی بنانا چاہیے کہ ملک بدر کیے جانے والے افراد کی تعداد بڑھتی رہے۔‘‘

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے جنگ زدہ علاقوں، بالخصوص شام اور عراق سے بڑی تعداد میں مہاجرین یورپی پہنچے ہیں۔ ان میں سے بیشتر جرمنی اور دیگر مغربی یورپی ممالک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم خاصی بڑی تعداد ان افراد کی بھی ہے جو جنگ کی وجہ سے نہیں بلکہ روزگار کے بہتر مواقع تلاش کرنے کی غرض سے یورپ اور جرمنی آئے ہیں۔ جرمن حکومت واضح کر چکی ہے کہ اسلامی شدت پسندی سے بچ کر اور لُٹ پٹ کر یورپ آنے والوں کو تو پناہ دی جا سکتی ہے، تاہم ’اقتصادی مہاجرین‘ کی ملک میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

آلٹمائر نے گزشتہ ماہ ترکی اور یورپی یونین کے درمیان مہاجرین کے بحران کے حل کے لیے طے پانے والے ایک متنازعہ معاہدے کی بھی حمایت کی۔ اس معاہدے کو انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس معاہدے کے اطلاق کے بعد یونان سے مہاجرین کو واپس ترکی بھیجا جا رہا ہے۔

اس معاہدے کی تعریف کرتے ہوئے آلٹمائر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ یورپ میں پناہ لینے والے مہاجرین کی تعداد میں کمی آئے، اور اگر یہ معاہدہ اس مقصد کے حصول کے لیے کارآمد ہے تو اسے خوش آمدید کہنا چاہیے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید