1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ميکسيکو ميں پٹاخوں کی مارکيٹ ميں دھماکے، درجنوں ہلاک

عاصم سلیم
21 دسمبر 2016

ميکسيکو ميں پٹاخوں کی ايک مارکيٹ کے باہر ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں کے نتيجے ميں کم از کم اکتيس افراد ہلاک اور لگ بھگ ستر زخمی ہو گئے ہيں۔ آتش زدگی اور دھماکوں کی وجہ معلوم کرنے کے ليے تحقيقات کا آغاز کر ديا گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/2UdQx
Mexiko Explosion Feuerwerkmarkt in Tultepec
تصویر: Reters/E. Garrido

ميکسيکو کی استغاثہ نے پٹاخوں کی ايک مارکيٹ کے باہر ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں کے نتيجے ميں اب تک کم از کم اکتيس افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصديق کر دی ہے۔ يہ واقعہ دارالحکومت ميکسيکو سٹی سے بتيس کلوميٹر دور واقع ٹُل ٹيپک کی سان پابليتو مارکيٹ ميں منگل کے روز پيش آيا تھا۔ ميکسيکو کے اٹارنی جنرل کے مطابق مجموعی طور پر چھ دھماکے ہوئے اور اس سلسلے ميں تفتيش شروع کر دی گئی ہے۔

گزشتہ ايک دہائی کے دوران يہ تيسرا واقعہ ہے جب ٹُل ٹيپک ميں سان پابليتو کی يہ مارکيٹ ايسے دھماکوں کا نشانہ بنی ہے۔ منگل بيس دسمبر کو يہ واقعہ ايک ايسے وقت پيش آيا، جب صارفين مسيحی تہوار کرسمس کی تياريوں ميں مصروف تھے۔ ميکسيکو ميں کرسمس سے چند روز قبل خريدار ايسے پٹاخے بھاری مقدار ميں خريد کر رکھ ليتے ہيں۔

Mexiko Explosion Feuerwerkmarkt in Tultepec
تصویر: picture-alliance/Zumapress

ٹُل ٹيپک ميں ہنگامی سروسز کے محکمے کے سربراہ ازيڈرو سانچيز کے بقول حفاظتی اقدامات کا فقدان ہی غالباً اس حادثے کا سبب بنا۔ واقعے ميں مارکيٹ کے تين سو اسٹالوں ميں سے اسی فيصد مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہيں۔ مقامی ذرائع ابلاغ پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق حادثے کے وقت مارکيٹ ميں قريب تين سو ٹن پٹاخے موجود تھے۔ سرکاری اہلکار يوزے مانظور کا کہنا ہے کہ اس مارکيٹ کا معائنہ گزشتہ ماہ ہی کيا گيا تھا اور وہاں کسی قسم کا نقص يا بے ضابطگی نہيں ملی تھی۔

اطلاعات ہيں کہ اس واقعے ميں کم از کم ستر افراد زخمی بھی ہوئے ہيں۔ اسٹيٹ آف ميکسيکو کے گورنر ارُوويئل ايويلا نے بتايا کہ چند بچوں کے جسم نوے فيصد تک جھلس گئے ہيں اور انہيں علاج کی غرض سے امريکی رياست ٹيکساس کے شہر گيلوسٹن بھيجا گيا ہے۔ انہوں نے اس عہد کا اظہار کيا کہ وہ اس حادثے کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کريں گے اور متاثرين کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔