1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمبھارت

ممبئی میں مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیقی کو قتل کر دیا گیا

13 اکتوبر 2024

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک سینیئر سیاست دان اور سابق وزیر بابا صدیقی کو ملک کے مالیاتی مرکز اور ریاستی دارالحکومت ممبئی میں قتل کر دیا گیا۔ مقتول کی بالی وڈ کے اداکاروں کے ساتھ دوستیاں مشہور تھیں۔

https://p.dw.com/p/4ljG7
بھارتی مسلم سیاست دان بابا صدیقی جنہیں قتل کر دیا گیا
مقتول بابا صدیقی مہاراشٹر کی صرف ایک سینیئر سیاسی شخصیت ہی نہیں تھے بلکہ وہ سماجی طور پر بھی بہت معروف تھےتصویر: Satish Bate/Hindustan Times/picture alliance/Sipa USA

ممبئی سے اتوار 13 اکتوبر کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق 66 سالہ ضیاالدین صدیقی، جو بابا صدیقی کے نام سے مشہور تھے، کو ہفتے کی شام ممبئی میں ان کے بیٹے کے دفتر کے باہر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ انہیں سینے میں کئی گولیاں لگی تھیں۔

مہاراشٹر کے اس نامور سیاست دان کا قتل ایک ایسے وقت پر کیا گیا، جب بھارت کی اس ریاست میں چند ہفتوں بعد علاقائی پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں اور ریاستی پولیس جرائم پیشہ افراد کے ایک بدنام لیکن منظم گروہ کے خلاف اپنی چھان بین بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

داؤد ابراہیم کی جائیدادوں کی ممبئی میں نیلامی آج

بھارت کے میڈیا کے مطابق ملک کی اقلیتی مسلم آبادی سے تعلق رکھنے والے بابا صدیقی نہ صرف ریاست مہاراشٹر کے ایک سابق وزیر تھے بلکہ وہ موجودہ ریاستی اسمبلی کے رکن بھی تھے۔

بابا صدیقی ہی کی سیاسی پارٹی سے تعلق رکھنے والے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اس قتل پر گہرے صدے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک 'بردلانہ حملہ‘ قرار دیا ہے۔

گنگو بائی کاٹھیا واڑی فلم کا ایک پوسٹر
گنگو بائی کاٹھیا واڑی فلم کا ایک پوسٹر: بابا صدیقی کی بالی وڈ کی کئی سرکردہ شخصیات کے ساتھ گہری دستیاں تھیںتصویر: Ashish Vaishnav/SOPA Images/ZUMA/picture alliance

بھارت میں پاکستانی فنکاروں کی خدمات لینے پرسخت نتائج کی دھمکی

بھارتی روزنامے ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس نے بابا صدیقی پر فائرنگ کرنے والے دو مشتبہ ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

زیر حراست مشتبہ ملزمان کا اعتراف

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی نے بتایا ہے کہ دونوں زیر حراست مشتبہ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا تعلق جرائم پیشہ افراد کے ایک ایسے گروہ سے ہے، جس کا سرغنہ لارنس بشنوئی ہے، جو اس وقت جیل میں ہے۔

ممبئی حملے: تہور رانا کی بھارت حوالگی پر امریکی عدالت کی روک

لارنس بشنوئی پر الزام ہے کہ وہ پیشہ ور مجرموں کے ایک ایسے گینگ کا سربراہ ہے، جو اب تک کئی افراد کو باقاعدہ ہدف بنا کر ہلاک کر چکا ہے۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ بابا صدیقی کو آئندہ چند ہفتوں بعد ہونے والے ریاستی پارلیمانی انتخابات کے تناظر میں کئی مرتبہ جان سے مار دیے جانے کی دھمکیاں ملی تھیں اور حال ہی میں ان کی حفاظت کے لیے سرکاری سکیورٹی انتظامات میں اضافہ بھی کر دیا گیا تھا۔

ممبئی شہر کی بلند و بالا عمارتیں اور پیش منظر میں ساحل سمندر
ممبئی ریاست مہاراشٹر کا دارالحکومت بھی ہے اور بھارت کا تجارتی اور مالیاتی مرکز بھیتصویر: Indranil Aditya/NurPhoto/picture alliance

غیر جانب دارانہ چھان بین کی یقین دہانی

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بابا صدیقی کے قتل کے بعد ایک بیان میں ہفتے کو رات گئے کہا کہ اس قتل کی قطعی غیر جانب دارانہ طور پر مکمل چھان بین کی جائے گی اور بابا صدیقی کے قاتلوں کو قانون کے سامنے جواب دہ بنایا جائے گا۔

اجیت پوار نے کہا، ''اس قتل کے محرک اور قاتلوں کے سرغنے کو بھی پکڑ کر عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘‘

بابا صدیقی مہاراشٹر کی صرف ایک سینیئر سیاسی شخصیت ہی نہیں تھے بلکہ وہ سماجی طور پر بھی بہت معروف تھے۔ ان کے بالی وڈ کہلانے والی ممبئی کی فلمی دنیا کی کئی انتہائی اہم شخصیات کے ساتھ بہت قریبی روابط تھے اور وہ بہت شان و شوکت والی بڑی بڑی پارٹیوں کی میزبانی کے لیے بھی مشہور تھے۔

م م / ش ر (اے ایف پی، این ڈی ٹی وی)

ممبئی میں مسلمانوں کی بستی، ممبرا