مقصد بہتر ملکی معیشت: 50 ملین شہریوں کے لیے 12.5 بلین ڈالر
24 جولائی 2024بنکاک سے بدھ 24 جولائی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق تھائی حکومت نے اس گفٹ کیش اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس قدام کے ذریعے قدرے کم رفتار ہو چکی تھائی معیشت میں زیادہ تیزی اور کاروباری گرم بازاری کو ممکن بنانا ہے۔
تھائی لینڈ: ہم جنس شادی کو قانونی حیثیت دینے والا جنوب مشرقی ایشیا کا پہلا ملک
ملک کے نائب وزیر خزانہ جُولاپن آمورن ویوات نے بنکاک میں یہ اعلان کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اگلے ماہ کی یکم تاریخ سے تھائی لینڈ کے 50 ملین سے زائد حق دار شہری فی کس 277 امریکی ڈالر کے برابر رقم کے حصول کے لیے اپنی رجسٹریشن کرانا شروع کر سکیں گے۔
ادائیگیاں ڈیجیٹل پےمنٹس کی صورت میں
انہوں نے کہا کہ اس کیش ہینڈ آؤٹ اسکیم کے تحت سرکاری خزانے سے رقم وصول کرنے والے شہریوں کو یہ ادائیگیاں ڈیجیٹل پے منٹ سسٹم کے تحت کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کسی بھی وصول کنندہ شہری کو یہ اجازت نہیں ہو گی کہ وہ یہ رقوم یا ان کا کوئی حصہ گانجے، زیورات یا لاٹری ٹکٹوں کے خریداری پر خرچ کرے۔
نائب وزیر خزانہ کے مطابق شہریوں کو ڈیجیٹل ٹرانسفر کے ذریعے منتقل کی گئی ایسی رقوم صرف مخصوص اور رجسٹرڈ دکانوں یا کاروباری مراکز میں ہی خرچ کی جا سکیں گی اور ان میں ایسی دکانیں شامل نہیں ہوں گی، جو گانجا، زیورات یا لاٹری ٹکٹیں بیچتی ہوں۔
چینی مافیا دھوکا دہی کے مراکز کیسے چلاتا ہے؟
بنکاک حکومت کا ارادہ ہے کہ ملکی شہریوں کو مجموعی طور پر 450 بلین تھائی بھات یا 12.5 بلین امریکی ڈالر کے برابر یہ رقوم سال رواں کی چوتھی سہ ماہی کے آغاز پر (یکم اکتوبر سے) تقسیم کرنا شروع کر دی جائیں گی۔
نائب وزیر خزانہ نے بتایا کہ اس منفرد حکومتی اقدام کے ذریعے ملکی وزیر خزانہ پیچائی چُنہاواجیرا تھائی معیشت میں ایسے اضافی مالی وسائل شامل کرنا چاہتے ہیں، جن سے کاروبار کو تقویت ملے اور اقتصادی گرم بازاری بھی دیکھنے میں آئے۔
مجموعی قومی پیداوار کے بیس فیصد سیاحت کی صنعت سے
تھائی لینڈ جنوب مشرقی ایشیا کا ایک ایسا ملک ہے، جہاں ہر سال کئی ملین کی تعداد میں غیر ملکی سیاحت کے لیے جاتے ہیں۔ تھائی معیشت کے لیے سیاحتی صنعت اتنی اہم ہے کہ اس ملک کی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباﹰ پانچواں حصہ صرف اسی ایک شعبے کی وجہ سے ممکن ہوتا ہے۔
گزشتہ برسوں میں تاہم تھائی لینڈ کو سیاحت سے ہونے والی آمدنی میں کورونا وائرس کی عالمی وبا اور غیر ملکی سیاحوں کی بدلتی ہوئی سفری اور سیاحتی ترجیحات کے باعث کافی کمی ہو چکی ہے۔
دس ملین سیاحوں کی آمد پر تھائی لینڈ میں جشن
کورونا وائرس کی عالمی وبا سے قبل تھائی لینڈ کی سیاحت کو جانے والے غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد چین کے باشندوں کی ہوتی تھی، جو 2019ء میں تقریباﹰ 11 ملین رہی تھی۔ عالمی وبا کے بعد سے تاہم چینی سیاح ابھی تک پہلے جتنی تعداد میں تھائی لینڈ نہیں جاتے۔
عالمی بینک کے اقتصادی تخمینوں کے مطابق تھائی معیشت میں اس سال 2.4 فیصد کی شرح سے ترقی دیکھنے میں آئے گی، جو 2023ء میں 1.9 فیصد کی اقتصادی شرح نمو کے مقابلے میں واضح طور پر زیادہ ہو گی۔
م م / ع ت (اے ایف پی)