1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

اسرائیل نے لبنان میں حملوں کو غیر عسکری اہداف تک وسعت دے دی

21 اکتوبر 2024

اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اپنے فضائی حملوں میں وسعت پیدا کرتے ہوئے غیر عسکری اہداف پر بھی حملے شروع کر دیے ہیں۔ پیر کو القدر الحسن نامی مالیاتی ادارے کی متعدد شاخوں اور سائٹس پر کا نشانہ بنایا گیا۔

https://p.dw.com/p/4m2Mf
لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کا منظر
اسرائیل نے حالیہ دنوں میں لبنان میں اپنی عسکری کارروائیوں کو وسعت دی ہےتصویر: Hussein Malla/AP/picture alliance

اسرائیل نے پیر کے روز لبنان میں مالیاتی گروپ القرض الحسن کی متعدد شاخوں اور سائٹس پر حملے کیے۔ اسرائیل کا الزام ہے کہ یہ مالیاتی گروپ شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کو ہتھیاروں کے حصول کے لیے مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں نبطیہ اور صور کے علاقوں میں مالیاتی ادارے القرض الحسن کی مختلف شاخوں کے علاوہ درجنوں مقامات پر حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کیے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیل نے لبنان میں اپنے فضائی حملوں کو غیر عسکری اہداف تک وسعت دے دی ہے۔ ایران نواز شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے خلاف گزشتہ ایک ماہ سے جاری اسرائیلی حملوں کا مقصد لبنان میں فعال اس تنظیم کی حربی صلاحیتوں کو کمزور بنانا ہے۔ اسرائیل نے مالیاتی ادارے القرض الحسن پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کی ''دہشت گردانہ کارروائیوں‘‘ کے لیے ماولی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

 واضح رہے کہ القرض الحسن حزب اللہ سے تعلق رکھنے والی ایک مالیاتی کمپنی ہے، جو چھوٹے قرضے فراہم کرتی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں جب لبنان میں روایتی مالیاتی نظام انتہائی خراب معاشی حالات کی وجہ سے بیٹھ گیا، ایسے میں چھوٹے قرضے دینے والے اس مالیاتی ادارے نے پزیرائی حاصل کی۔

لبنان میں اسرائیلی حملے کے بعد ایک تباہ شدہ عمارت
اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف بڑی عسکری کارروائیوں کا آغاز ایک ماہ قبل کیا تھا۔ تصویر: Hussein Malla/AP Photo/picture alliance

اسرائیل کا الزام ہے کہ اس ادارے کی مالی مدد سے حزب اللہ ہتھیاروں اور جنگجوؤں کی تنخواہوں کی ادائی کر رہی ہے۔ اسی تناظر میں اس مالیاتی ادارے پر امریکہ نے پابندیاں عائد کیں تھیں۔ امریکہ الزام ہے کہ حزب اللہ جو خود عالمی مالیاتی نظام سے الگ ہے، وہ اس گروپ کا سہارا لے کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اتوار کے روز اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں اس مالیاتی ادارے کی خلاف گیارہ فضائی حملے کیے گئے۔

دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ پیر کے روز لبنان سے درجنوں راکٹ اسرائیل کی جانب داغے گئے۔ اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلینٹ نے کہا تھا کہ لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی عسکری کارروائیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ یہ گروپ اسرائیل پر حملے نہ کر پائے۔

ع ت، ش ر، ر ب (اے ایف پی)