لاہور میں ریکارڈ بارش، کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک
1 اگست 2024لاہور شہر سے جمعرات کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق وہاں شدید بارش کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے اور اس دوران کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
پانی کی ترسیل اور نکاسی آب کے ذمہ دار اس سرکاری ادارے واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے مطابق آج شہر کے کچھ علاقوں میں 353 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے لاہور میں بارشوں کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
دریں اثنا، پولیس نے بتایا ہے کہ لاہور کی نشاط کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ لاہور میں موسلا دھار بارش کا یہ سلسلہ آج علی الصبح شروع ہوا تھا اور اس کا وقفے وقفے سے ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث متاثرہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈ اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق آج بارش شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی لاہور کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ اس کے علاوہ شہر میں واقع جناح ہسپتال اور سروسز ہسپتال کے چند وارڈز میں بارش کا پانی داخل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
اس رپورٹ میں سرکاری اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے بارش کے بعد متعدد رہائشی علاقوں میں بھی پانی جمع ہو گیا ہے، جب کے شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں پانی گھروں کے اندر داخل ہو گیا ہے۔
واسا کا کہنا ہے کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں سے بارش کا پانی صاف کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں لاہور کے علاوہ ملکی دارالحکومت اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی آج بارش ہوئی ہے۔
م ا ⁄ ع ت (اے پی)