1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہفرانس

فرانس میں ہیڈ اسکارف پر پابندی غلط، اقوام متحدہ کی کمیٹی

4 اگست 2022

اقوام متحدہ کے مطابق فرانسیسی اسکولوں میں طالبات کے ہیڈ اسکارف پہننے پر پابندی لگا کر فرانس شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا۔ یہ فیصلہ عالمی ادارے کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے سنایا۔

https://p.dw.com/p/4F8SK
فرانس میں مسلمان خواتین کا مظاہرہ، پلے کارڈ پر لکھا ہوا نعرہ: ’فرانس تو تم بھی ہو اور میں بھی ہوں‘ تصویر: Alain Pitton/NurPhoto/picture alliance

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا سے جمعرات چار اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق فرانسیسی حکام ایک اسکول میں ایک خاتون کی طرف سے ہیڈ اسکارف پہن کر آنے کی وجہ سے اس پر پابندی لگا کر انسانی حقوق کے ایک بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔

حجاب کے حق میں یورپی مہم فرانس کی طرف سے تنقید کے بعد منسوخ

اس بارے میں ایک شکایت 2016ء میں ایک ایسی فرانسیسی خاتون شہری کی طرف سے دائر کی گئی تھی، جو 1977ء میں پیدا ہوئی تھی۔ اس خاتون کا نام، مذہب اور دیگر شناختی کوائف اس کے وکیل کی درخواست پر ظاہر نہیں کیے گئے۔

اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کمیٹی کا فیصلہ

اس درخواست پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے کہا کہ فرانسیسی حکام کا اس خاتون پر اس کے ہیڈ اسکارف کے باعث پابندی لگا دینے کا فیصلہ شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی کنوینشن کے منافی تھا۔

یہ شکایت جس خاتون کی طرف سے دائر کی گئی تھی، وہ ہیڈ اسکارف کے باعث خود پر پابندی لگائے جانے کے وقت 2010ء میں ایک پیشہ وارانہ تربیتی کورس میں حصہ لینا چاہتی تھی اور اس کورس کے لیے اس نے داخلے کا امتحان اور انٹرویو دونوں پاس بھی کر لیے تھے۔

مسلمان خاتون میجر نے ملکی فوج کا یونیفارم کوڈ تبدیل کروا دیا

آسٹرین پرائمری اسکولوں میں ہیڈ اسکارف پر پابندی غلط، آئینی عدالت

تاہم پیرس کے ایک جنوب مشرقی مضافاتی علاقے میں لانگوَیں والَوں (Langevin Wallon) نامی ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے اس خاتون کو اس لیے اس ٹریننگ کورس میں حصہ لینے سے روک دیا تھا کہ وہ اپنے ہیڈ اسکارف کی صورت میں 'ایک مذہبی علامت‘ پہنے ہوئی تھی اور اس بات کی فرانس کے عوامی تعلیمی اداروں میں اجازت نہیں تھی۔

'فرانس کو ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت‘

بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے اس فرانسیسی خاتون شہری کی درخواست پر اپنا فیصلہ اس سال مارچ میں ہی کر لیا تھا مگر تب اس کا کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ اس کمیٹی کی طرف سے اس فیصلے کی دستاویز درخواست دہندہ خاتون کے  وکیل کو بدھ تین اگست کے روز بھیجی گئی۔

برلن ٹیچر کے ہیڈ اسکارف پر پابندی غیر قانونی: جرمن وفاقی عدالت

اس خاتون کے وکیل صفین گوئز گوئز نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ''یہ ایک انتہائی اہم فیصلہ ہے، جو ثابت کرتا ہے کہ فرانس کو اپنے ہاں مذہبی اقلیتوں، خاص کر مسلم اقلیتی برادری کے افراد بالخصوص خواتین کے انسانی حقوق کے حوالے سے اب تک کے مقابلے میں کہیں زیادہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

م م / ک م (اے ایف پی)