1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلفرانس

فرانس: فٹبال ٹیم کی فتح کا پر تشدد جشن، 780 گرفتار

افسر اعوان اے ایف پی، ڈی پی اے
31 مئی 2026

فرانسیسی حکام نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ پیرس سینٹ جرمین (PSG) ٹیم کی آرسنل کے خلاف چیمپئنز لیگ میں فتح پر رات بھر جاری رہنے والے جشن کے دوران ملک بھر سے 780 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/5EcTm
پولیس اہلکار صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود ہیں
فرانسیسی حکام کے مطابق پی ایس جی کی آرسنل کے خلاف فتح پر پرتشدد جشن کے دوران ملک بھر سے 780 افراد کو گرفتار کیا گیا ہےتصویر: Abdul Saboor/REUTERS

فرانسیسی حکام نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ پیرس سینٹ جرمین (PSG) ٹیم کی آرسنل کے خلاف چیمپئنز لیگ میں فتح پر رات بھر جاری رہنے والے جشن کے دوران ملک بھر سے 780 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس دوران پرتشدد جھڑپیں ہوئیں اور ایک سڑک حادثے میں ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔

اختتام ہفتہ پر ہنگری کے دارالحکومت بودا پسٹ میں منعقدہ فائنل میچ دیکھنے اور پی ایس جی کی اس شاندار فتح کا جشن منانے کے لیے ہزاروں لوگ پیرس کی سڑکوں پر نکل آئے۔

پی ایس جی کی فتح کے بعد اس کے حامی جشن منا رہے ہیں
کچھ جگہوں پر ہجوم اور پولیس کے مابین تصادم ہوا ، جس کے بعد فرانس بھر میں تقریباً 22,000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھےتصویر: Abdul Saboor/REUTERS

 کچھ جگہوں پر ہجوم اور پولیس کے مابین تصادم ہوا ، جس کے بعد فرانس بھر میں تقریباً 22,000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، کیونکہ گزشتہ سال بھی جب پی ایس جی نے یہ مقابلہ جیتا تھا تو بدامنی پھیلی تھی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر آتش بازی کے بڑھتے ہوئے استعمال کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر داخلہ لاراں نونے نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ 57 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور ''فرانس بھر میں 219 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے آٹھ کی حالت نازک ہے۔‘‘

پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایک نوجوان کی موت کا اعلان کیا جو پیرس رنگ روڈ کے ایگزٹ ریمپ پر اپنی موٹوکراس بائیک کے ساتھ کنکریٹ کے بلاکس سے ٹکرا گیا۔

پیرس میں موٹر سائیکلوں کو آگ لگی ہوئی ہے
فتح کے جشن کے دوران پرتشدد جھڑپیں ہوئیں اور ایک سڑک حادثے میں ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔تصویر: Julien Mattia/Le Pictorium/IMAGO

پراسیکیوٹر کے دفتر نے مزید بتایا کہ پیرس میں مبینہ طور پر ڈکیتی کی کوشش کے دوران چاقو کے حملے میں ایک اور نوجوان شدید زخمی ہوا۔

وزیر داخلہ لاراں نونے نے کہا کہ ملک بھر کے تقریباً پندرہ شہروں میں چوری اور لوٹ مار کے معمولی واقعات پیش آئے اور 71 بلدیاتی حدود میں تشدد کے واقعات ریکارڈ کیے گئے۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ 780 گرفتاریوں کی یہ تعداد گزشتہ سال پی ایس جی کی چیمپئنز لیگ کی فتح کے جشن کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے۔

ادارت: کشور مصطفیٰ