بھارت میں دو برس قبل بھی سوئس کمپنی نیسلے کے تیار کردہ ’میگی نوڈلز‘ کے غیر معیاری ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ بھارتی ریاست اترپردیش میں فوڈ انسپکٹرز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر فروخت ہونے والے ’میگی نوڈلز‘ کے غیر معیاری ہونے کی نشاندہی کی تھی۔
بھارت میں نیسلے پر ہرجانے کا دعویٰ
ضلع شاہ جہان پور کی انتظامیہ نے اس معاملے پر نیسلے کمپنی کو پینتالیس لاکھ بھارتی روپے جرمانہ عائد کیا ہے جب کہ اس پراڈکٹ کے مقامی ڈسٹری بیوٹر کو بھی سترہ لاکھ بھارتی روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
اس حوالے سے اشیائے خورد و نوش کے معیار پر نظر رکھنے والے ضلعی ادارے کے سربراہ ڈی پی سنگھ نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا، ’’میگی نوڈلز کے کوالٹی ٹیسٹ کے دوران اس کے غیر معیاری ہونے کی نشاندہی ہوئی۔ نوڈلز کے نمونوں میں ملنے والی راکھ اور بھاری دھاتوں کے ذرات کی مقدار انسانی صحت کے لیے مقرر کردہ معیار سے زیادہ تھے۔‘‘
دوسری جانب نیسلے بھارت کے ایک ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ نیسلے میگی نوڈلز استعمال کے لیے ’سو فیصد محفوظ‘ ہیں۔ نیسلے نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس ٹیسٹ کے لیے استعمال کردہ معیار اور طریقہ کار ہی غلط تھا۔ سوئس کمپنی نے جرمانے کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
سن 2015 میں بھی نیسلے کمپنی کے تیار کردہ انہی نوڈلز کو بھارت میں ’صحت کے لیے نقصان دہ‘ قرار دے کر ان کی فروخت پر چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
پیلی اور سرخ پیکنگ والی میگی نوڈلز بھارت کے عوام میں کافی مقبول ہیں اور ملک بھر میں قریب ہر شہر اور قصبے یہ فروخت کے لیے دستیاب ہوتے ہیں۔
بھارت میں میگی نوڈلز کی تیاری، فروخت پر پابندی
-
زندگی کو مختصر کرنے والی چیزیں
ٹیلی وژن
برطانوی جریدے اسپورٹس اینڈ میڈیسن کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک گھنٹہ ٹی وی دیکھنے سے آپ کی زندگی سے 22 منٹ کم ہو جاتے ہیں یعنی اگر آپ اوسطاً ہر روز چھ گھنٹے ٹی وی دیکھتے ہیں، تو آپ کی زندگی سے پانچ سال کم ہو سکتے ہیں۔
-
زندگی کو مختصر کرنے والی چیزیں
جنسی تعلق
حال ہی میں ایک برطانوی طبی جریدے میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہینے میں ایک بار جنسی تعلق قائم کرنے والے مردوں کے جلد انتقال کر جانے کا خطرہ اُن مردوں کے مقابلے میں دوگنا ہوتا ہے، جو ہفتے میں ایک بار ایسا کرتے ہیں۔
-
زندگی کو مختصر کرنے والی چیزیں
نیند
سونا جسم کے لیے ضروری ہے لیکن بہت زیادہ سونے سے آپ کی عمر کم بھی ہو سکتی ہے۔ آٹھ گھنٹے سے زیادہ بستر پر پڑے رہنے سے فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہوتا ہے۔ مطلب یہ کہ باقاعدگی سے نیند ضرور لیں، لیکن آٹھ گھنٹے سے زیادہ نہیں۔
-
زندگی کو مختصر کرنے والی چیزیں
صرف بیٹھے رہنا
کیا آپ کو دفتر میں کئی گھنٹے بیٹھنا پڑتا ہے؟ JAMA (جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن) کی انٹرنل میڈیسن کی تحقیق کے مطابق دن میں گیارہ گھنٹے بیٹھنے سے موت کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ کام کے درمیان میں وقفے لیں اور ہو سکے تو کچھ دیر کھڑے رہ کر کام کریں۔
-
زندگی کو مختصر کرنے والی چیزیں
اکیلا پن
انسان کے لیے کسی کا ساتھ، کسی سے بات چیت کرنا ضروری ہوتا ہے۔ کچھ لوگ ذہنی دباؤ سے دور رہنے کے لیے اکیلے ہی رہنا پسند کرتے ہیں لیکن دراصل وہ خود کو دنیا کی خوشی سے محروم کر رہے ہیں۔ ڈپریشن عمر کم ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے۔
-
زندگی کو مختصر کرنے والی چیزیں
بے روزگاری
حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، جس میں 15 ممالک کے 40 سال کی عمر تک کے دو کروڑ افراد کا مشاہدہ کیا گیا، بے روزگار افراد کے اچانک موت کا شکار ہو جانے کا خطرہ ملازمت پیشہ افراد کے مقابلے میں 63 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
-
زندگی کو مختصر کرنے والی چیزیں
ورزش
جسم کے لیے ورزش انتہائی ضروری ہے لیکن صرف شوق کی وجہ سے ضرورت سے زیادہ ورزش کرنا نقصان دہ ہے۔ زیادہ بہتر یہ ہے کہ ڈاکٹر یا ٹرینر کی رائے کے مطابق ورزش کی جائے۔
-
زندگی کو مختصر کرنے والی چیزیں
لمبی چھٹی
یہ صحیح ہے کہ اپنے جسم کو آرام دینے کے لیے آپ کو کام سے وقفے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن بہت زیادہ آرام نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔ کام کے بعد بہت لمبا آرام مدافعتی نظام کو کمزور بھی کر دیتا ہے۔
مصنف: Isha Bhatia / امجد علی