شمالی کوریا کی جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی
8 اکتوبر 2024شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے منگل کے روز کہا کہ کم جونگ اُن نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے ملک پر حملہ ہوا تو وہ جنوبی کوریا اور امریکہ کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کریں گے۔
اپنے ہی نام سے منسوب ایک دفاعی یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کم نے شمالی کوریا کی جوہری صلاحیتوں سمیت عسکری شعبے کی ترقی کو تیز کرنے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔
کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں کی دھمکی دے دی
یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب شمالی کوریا کے رہنما نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ اگر ان کے ملک کی خودمختاری کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ جنوبی کوریا کے خلاف ''بغیر کسی ہچکچاہٹ‘‘ کے جوہری ہتھیار استعمال کریں گے۔
کم نے جنوبی کوریا امریکہ اتحاد کی مذمت کی
کم نے جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول پر بھی تنقید کی، جنہوں نے گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ پیونگ یانگ کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کا کوئی بھی استعمال ''شمالی کوریا کی حکومت کے خاتمے‘‘ کا باعث بنے گا۔
انہوں نے صدر یون کے اس تبصرے کی شدید انداز میں مذمت کی۔ کے سی این اے نے کم کے حوالے سے کہا، ''اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے مالک (امریکہ) کی طاقت پر اندھا اعتماد کرتے ہیں۔‘‘
شمالی اور جنوبی کوریا میں تناؤ سے پر 70 برس کی جنگ بندی
کم نے جنوبی کوریا اور امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے ان دونوں ممالک پر خطے کو غیر مستحکم کرنے کا الزام بھی لگایا۔
کم نے اپنی تقریر میں کہا ،''سچ پوچھیں تو ہمارا جنوبی کوریا پر حملہ کرنے کا قطعی طور پر کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ صرف ان کے دشمنوں کی جانب سے طاقت کے استعمال کے بعد ایسا ردعمل سامنے آئے گا اور اس میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
کم نے مزید کہا کہ ''عسکری سپر پاور اور جوہری طاقت بننے کی طرف ہمارے قدم اب اور تیز ہوں گے۔‘‘
پچھلے مہینے، پیونگ یانگ نے یورینیم افزودہ کرنے کے مراکز کی تصاویر جاری کی تھیں، جن کا مقصد ملک کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے کو وسعت دینے کے منصوبوں کو اجاگر کرنا تھا۔
دونوں کوریاؤں کے درمیان موجودہ تعلقات انتہائی نچلی سطح پر ہیں۔ تعطل کا شکار سفارتی رابطے کے درمیان، شمالی کوریا اشتعال انگیز میزائل تجربات میں مصروف ہے، جب کہ جنوبی کوریا نے امریکہ کے ساتھ اپنی فوجی مشقیں تیز کر دی ہیں۔
سیئول نے بھی شمالی کوریا کی جانب سے گندگی و غلاظت بھرے غبارے سرحد پار بھیجنے کے جواب میں پیونگ یانگ مخالف نشریات دوبارہ شروع کر دیں ہیں۔
ج ا ⁄ (اے پی، روئٹرز)