1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سپر شیرپا‘ کی نئی مہم

22 دسمبر 2011

اکیس مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والے نیپالی کوہ پیما اپا شیرپا نے اعلان کیا ہےکہ وہ ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں سترہ سو کلو میٹر طویل راستہ ٹریکنگ کے ذریعے طے کریں گے۔

https://p.dw.com/p/13XSn
تصویر: AP

نیپالی کوہ پیما اپا شیرپا کے بقول اس نئی مہم کا مقصد عام لوگوں میں ماحولیاتی تباہی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سب سے زیادہ مرتبہ زیر کرنے والے اکیاون سالہ اپا شیرپا نے بدھ کے روز کیے گئے اپنے اعلان میں کہا کہ وہ یہ نئی مہم آئندہ برس پندرہ جنوری کو شروع کریں گے۔ ایک سو بیس دنوں تک جاری رہنے والی اس مہم میں ان کےساتھ ایک اور نیپالی کوہ پیما داوا اسٹیون شیرپا بھی ہوں گے۔ وہ بھی دو مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کر چکے ہیں۔

یہ دونوں کوہ پیما اپنی اس مہم کا آغاز نیپال کے مشرقی علاقے میں واقع ایک گاؤں گھوسنہ سے کریں گے، جو مغربی نیپال کے علاقے داچھلا میں اختتام پذیر ہوگی۔ اس مہم کے دوران ہمالیہ کے دشوار گزار پہاڑی راستوں سے ہوتے ہوئے یہ کوہ پیما مختلف مقامات پر قیام کرتے ہوئے لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث تباہ کاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے ماحول دوست ہدایات بھی فراہم کریں گے۔ اس راستے پر سفر کے دوران دنیا کی دس بلند ترین چوٹیوں میں سے آٹھ چوٹیاں بھی سر کی جائیں گی۔

Apa Sherpa Flash-Galerie
اپا شیرپا نے پہلی مرتبہ1990 میں ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا تھاتصویر: Stefan Nestler

تین بچوں کے والد اپا شیرپا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ مہم شاید ان کی زندگی کی بہترین ٹریکنگ ہو گی۔ انہوں کہا کہ ایسی مہم کو سر انجام دینے کے لیے زندگی میں ایک ہی بار موقع ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے اسٹارز بھی حصہ لیں گے تاہم منتظمین کے بقول ابھی تک اس حوالے سے تفصیلات طے نہیں ہو سکیں۔ اس مہم کو Climate Smart Celebrity Trek کا نام دیا جا رہا ہے۔ اپنی نوعیت کی اس پہلی مہم کو نیپالی حکومت کے علاوہ کئی بین الاقوامی غیر سرکاری ادارے بھی فنڈ کر رہے ہیں۔

امریکہ منتقل ہو جانے والے اپا شیرپا نے پہلی مرتبہ 1990 میں ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ تقریباﹰ دو دہائیوں تک ہر سال ہی اس چوٹی کو سر کرتے رہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ماؤنٹ ایورسٹ پر بھی ڈرامائی تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں۔ ’سپر شیرپا‘ کے نام سے مشہور اس کوہ پیما کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس چوٹی کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے اب اسے سر کرنا بھی انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک