بیجنگ میں منعقد ہونے والے ونٹر اولمپکس 2022ء کے خلاف امریکا کے سفارتی بائیکاٹ کی خبروں پر چین نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بیجنگ نے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان اہم امور پر جاری دوطرفہ مذاکرات اور تعاون کو نقصان پہنچے گا۔ چین نے کھیلوں کو سیاست سے علیحدہ رکھنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
امریکی کانگریس کے چند ممبران اور انسانی حقوق کے سرگرم گروپوں کی جانب سے ایسے وقت میں بائیکاٹ کی حمایت کی جا رہی ہے، جب حال ہی میں امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی رہنما شی جن پنگ کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔ اس گفتگو کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تناؤ کو کم کرنا تھا۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بیجنگ ونٹر اولمپکس کے بائیکاٹ کے حق میں مظاہرے کی ایک تصویر
واشنگٹن کا مؤقف
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ چین میں انسانی حقوق کے خلاف ''مظالم‘‘ کی وجہ سے امریکی حکومت کے اہلکار بیجنگ میں ونٹر اولمپکس 2022ء کا بائیکاٹ کریں گے۔ تاہم امریکی ایتھلیٹس کو سرمائی اولمپکس کے مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت ہو گی۔
امریکی پریس سیکریٹری جینیفر پساکی کے بقول، ''انسانی حقوق کا فروغ امریکا کے بنیادی عزائم کا حصہ ہے اور امریکا کھیلوں کے اس میلے میں حصہ نہیں لے گا۔‘‘
بیجنگ کا ردعمل
چین نے اس بائیکاٹ کی شدید مخالفت کی ہے۔ دارالحکومت بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان کے مطابق اس فیصلے کے خلاف ''سخت جوابی اقدامات‘‘ کیے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ سرمائی اولمپکس میں خلل ڈالنے کی امریکا کی ''سازش‘‘ ناکام ہو گئی، جس کے نتیجے میں امریکا کی ''اخلاقی ساکھ‘‘ ختم ہو گئی ہے۔
-
چین میں لاپتہ ہونے والی اہم شخصیات
پینگ شوائی، چینی ٹینس کھلاڑی
دو نومبر کو چینی ٹینس اسٹار نے ملکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم وائیبو پر سابق وزیر اعظم ژانگ گاؤلی پر جنسی زیادتی کا الزام پوسٹ کیا تھا۔ اس کے بعد وہ دو ہفتے تک عام زندگی میں دکھائی نہیں دی تھیں۔ وہ دوبارہ گزشتہ ویک اینڈ پر دکھائی دیں اور انہوں نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر سے فون پر بات بھی کی۔ ان کی زندگی کے حوالے سے ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کو بھی خدشات لاحق ہیں۔
-
چین میں لاپتہ ہونے والی اہم شخصیات
رین ژیچیانگ، ریئل اسٹیٹ ٹائیکون
فروری سن 2020 میں سابق ریئل اسٹیٹ ٹائیکون اور صدر شی جن پنگ کے ناقد رین ژیچیانگ نے ایک مضمون میں چینی حکام کی کووڈ انیس کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ اس میں انہوں نے شی جن پنگ کو ایک ’مسخرہ‘ قرار دیا۔ اس مضمون کے بعد وہ لاپتہ ہو گئے اور سن 2020 کے آخر پر انہیں کرپشن کے الزام میں اٹھارہ برس کی سزائے قید سنا دی گئی۔
-
چین میں لاپتہ ہونے والی اہم شخصیات
چن چیوشی، وکیل اور صحافی
سن 2020 کے اوائل میں وکیل و صحافی چن چیوشی نے ووہان شہر کا دورہ کیا۔ یہ شہر کووڈ انیس کی وبا کا مرکز تھا۔ انہوں نے ووہان پہنچ کر کئی ویڈیوز بنائیں اور وبائی صورت حال کا احوال بیان کیا۔ ایسا کرنے پر حکام نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا اور وہ چھ سو ایام کے بعد دوبارہ ظاہر ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال اور آٹھ مہینوں کے درمیاں انہیں کئی تجربات کا سامنا رہا، جن میں بعض کو بیان کرنا ممکن نہیں۔
-
چین میں لاپتہ ہونے والی اہم شخصیات
لُو گوانگ، فوٹوگرافر
سن 2018 کے اختتام پر امریکا میں مقیم چینی فوٹوگرافر لُو گوانگ کو چینی سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی تحویل میں اس وقت لیا، جب وہ سنکیانگ صوبے کے سفر پر تھے۔ سنکیانگ ایغور مسلمانوں کا علاقہ ہے، جسے بیجنگ کے کریک ڈاؤن کا سامنا تھا۔ لُو کی گرفتاری نے عالمی توجہ حاصل کی اور اس کی مذمت بھی کی گئی۔ ستمبر سن 2019 میں ان کی بیوی نے ٹویٹ کیا کہ لُو گوانگ کو چینی حکام نے رہا کر دیا ہے۔
-
چین میں لاپتہ ہونے والی اہم شخصیات
مینگ ہونگ وے، انٹرپول کے سابق صدر
اکتوبر سن 2018 میں انٹرپول کے پہلے چینی صدر مینگ ہونگ وے چین میں ایک سفر کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ چینی حکام نے انہیں رشوت اور دوسرے جرائم کے الزامات میں حراست میں لے لیا ہے۔ انٹرپول کے مطابق مینگ اپنے عہدے سے دستبردار ہو گئے ہیں اور پھر انہیں چینی عدالت نے تیرہ سال کی سزائے قید سنا دی۔
-
چین میں لاپتہ ہونے والی اہم شخصیات
آئی وے وے، آرٹسٹ اور سرگرم کارکن
چین کے انتہائی مشہور آرٹسٹ آئی وے وے کو ملک کے اہم سیاسی کارکنوں میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔ سن 2011 میں بیجنگ ایئرپورٹ سے انہیں گرفتار کیا گیا اور پھر اکیاسی دن بعد رہائی دے دی گئی۔ چینی حکام نے انہیں سن 2015 میں ملک چھوڑنے کی اجازت دی تھی۔ تب سے وہ مغربی ممالک جرمنی اور برطانیہ میں قیام کر چکے ہیں۔ رواں برس سے سے وہ پرتگال میں مقیم ہیں۔
-
چین میں لاپتہ ہونے والی اہم شخصیات
جیک ما، ارب پتی کاروباری تاجر
جیک ما مشہور اور بڑی ٹیکنیکل کمپنی علی بابا کے بانی ہیں۔ اکتوبر سن 2020 سے وہ پبلک مقامات پر دکھائی نہیں دے رہے۔ افواہ ہے کہ ایک تنقیدی تقریر کے بعد سے وہ حراست میں تھے۔ لیکن ان کے دوستوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جیک ما ذاتی وجوہات پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے لیکن وہ بدستور پبلک لائف سے دور ہیں۔
-
چین میں لاپتہ ہونے والی اہم شخصیات
ژاؤ وے، مشہور ارب پتی اداکارہ
اگست سن 2021 سے مشہور اداکارہ ژاؤ وے معمول کی عوامی زندگی میں دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔ ان کی تمام فلموں اور ویڈیوز کو بیجنگ حکومت نے ہر آن لائن پلیٹ فارم سے ہٹانے کی بھرپور کوششیں کی ہیں۔ ان کا نام بھی ٹیلی وژن کے مختلف پرگراموں سے خارج کر دیا گیا ہے۔ ان کے موجودہ ٹھکانے کے بارے میں کوئی بھی معلومات دستیاب نہیں ہیں البتہ ستمبر میں وہ مشرقی چین میں دیکھی گئی تھیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ژاؤ لیجیان نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاست کو کھیلوں میں شامل نہ کریں اور بائیکاٹ کا یہ فیصلہ اولمپکس کے اصولوں کے خلاف ہے۔
چینی ٹینس اسٹار پینگ شوائی کی 'گمشدگی‘
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق سن 2008 کے سمر گیمز کے بعد سے چین میں انسانی حقوق کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ ٹینس کھلاڑی پینگ شوائی کا حالیہ معاملہ اس دعوے کی حمایت کرتا دکھائی دیتا ہے۔
چین کی ٹینس اسٹار پینگ شوائی سوشل میڈیا پر ایک پیغام پوسٹ کرنے کے بعد دو نومبر سے لا پتہ ہو گئی تھیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں ایک اعلیٰ چینی اہلکار پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا تھا۔
ان کی گمشدگی کی خبر آنے کے بعد جب یورپی یونین سمیت کئی حلقوں کی جانب سے نکتہ چینی شروع ہوئی تو تقریباً دو ہفتے بعد وہ بیجنگ میں اس وقت دوبارہ منظر عام آئیں، جب انہوں نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ سے ویڈیو کال پر گفتگو کی تھی۔
ع آ / ا ا (روئٹرز، اے پی)
-
سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب، رنگوں اور روشنیوں سے مزیّن
ایوانکا ٹرمپ اختتامی تقریب میں شامل
جنوبی کوریا کے پیانگ چنگ اولمپک اسٹیڈیم میں سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب آتش بازی کے مظاہرے اور رنگا رنگ پروگراموں کے ساتھ منعقد ہوئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحب زادی اور وائٹ ہاؤس کی سینئر مشیر ایوانکا ٹرمپ کو تقریب سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
-
سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب، رنگوں اور روشنیوں سے مزیّن
ٹیمیں ملکی پرچم کے ساتھ
اس برس ونٹر اولمپکس میں حصہ لینے والی ٹیمیں کھیلوں کے اختتام پر اپنے اپنے ملکوں کے پرچم اٹھائے اختتامی تقریب میں شامل ہوئيں۔
-
سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب، رنگوں اور روشنیوں سے مزیّن
آتش بازی کا مظاہرہ
اولمپکس کے اختتام پر آتش بازی کے مظاہرے بھی ہوئے۔ اس تصویر میں آسمان پر آتش بازی کے خوبصورت رنگ بکھرے دیکھے جا سکتے ہیں۔
-
سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب، رنگوں اور روشنیوں سے مزیّن
بچے کسی سے کم نہیں
سرمائی اولپمکس کی اختتامی تقریب کو چار چاند اس وقت لگے جب جنوبی کوریائی بچوں کے مختلف گروپوں نے طرح طرح کی پرفارمنس کے ذریعے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے۔
-
سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب، رنگوں اور روشنیوں سے مزیّن
فنکار بھی آگے آگے
آج پچیس فروری کو جنوبی کوریائی شہر پیونگ چنگ میں اختتام پذیر ہونے والے سرمائی اولپکس کی آخری دن کی تقریبات میں وہاں کے مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے۔
-
سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب، رنگوں اور روشنیوں سے مزیّن
پورا نظارہ
موسم سرما کے اولمپک کھیلوں کا اختتامی پروگرام کتنا شاندار رہا، یہ اندازہ دور سے لی گئی اس تصویر سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔
-
سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب، رنگوں اور روشنیوں سے مزیّن
متحد کوریائی ٹیم
اختتامی تقریب میں جنوبی و شمالی کوریائی ایتھلیٹس پر مشتمل ٹیم کا وفد بھی اسٹیڈیم میں آیا۔
-
سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب، رنگوں اور روشنیوں سے مزیّن
ایتھلیٹس پریڈ
اختتامی پروگرام کا ایک دلچسپ حصہ سرمائی اولپمکس میں شمولیت حاصل کرنے والی تمام ٹیموں کا اسٹیڈیم سے مارچ کرتے ہوئے گزرنا تھا۔ ان کھلاڑیوں نے اپنے ملک کے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔
مصنف: صائمہ حیدر