1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روما باشندوں کی ملک بدری روکی جائے، اقوام متحدہ

28 اگست 2010

اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے انسداد نسل پرستی نے فرانس سے اپیل کی ہےکہ وہ روما نسل کے باشندوں کی اجتماعی بے دخلی کو فوری طور پر روکے۔ کمیٹی کے مطابق اس طرح کے بے دخلی کے دوران انسانی حقوق کی پامالی بھی ہوسکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/OyVE
تصویر: picture-alliance/dpa

اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے انسداد نسل پرستی نے فرانس میں روما نسل کے باشندوں کی ملک بدری کے حوالے سے جاری سیاسی بحث پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران کچھ ایسے بیانات بھی سامنے آئے، جوکافی حد تک امتیازی تھے۔ کمیٹی کے مطابق ان افراد کی بے دخلی ایک اہم مسئلہ ہے۔ انفرادی طور پرکسی کو ملک سے باہر نکلنا ایک اور مسئلہ ہے لیکن قوم اور نسل کی بنیاد پر ملک بدر کرنا امتیازی سلوک کے زمرے میں آتا ہے۔

Frankreich fliegt weitere Roma aus
اجتماعی کے بجائے ملک بدری کا فیصلہ انفرادی سطح پر کرنا چاہیے، اقوام متحدہتصویر: picture-alliance/dpa

کمیٹی کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں فرانسیسی حکام کو تجویز دی گئی ہے کہ انہیں روما باشندوں کو اجتماعی طور پر بے دخل کرنے کا سلسلہ فوری طور پر روکنا چاہیے بلکہ بنیادی حقوق کا خیال کرتے ہوئے انفرادی سطح پر فیصلہ کرنا چاہیے۔

اقوام متحدہ کی کمیٹی کے رکن پیئر پروسپر نے کہا کہ فرانس نے یہ فیصلہ داخلی سلامتی کی وجہ سے کیا ہے لیکن اس عمل میں توازن ہونا چاہیے۔ اس میں ہرشخص کے انفرادی حقوق کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے اور ملک بدرکرنے سے پہلے ہر طرح سے جانچ پڑتال بھی لازم ہے۔

پیئر پروسپر نے فرانس میں اس حوالے سے جاری بحث میں دئے جانے والےکچھ بیانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس میں آجکل قومی شناخت اور ملک کے مستقبل کے حوالے سے جاری بحث میں اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ فرانس آخر کس طرف جا رہا ہے؟ اور اس دوران کچھ ریمارکس ایسے بھی دئے گئے، جن کی وجہ سے نسل پرستی کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ کسی بھی سربراہ کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ملک میں بھائی چارے اور برداشت کو فروغ دے۔

Frankreich schiebt Roma nach Rumänien ab
قوم اور نسل کی بنیاد پر ملک بدر کرنا امتیازی سلوک کے زمرے میں آتا ہے، اقوام متحدہتصویر: AP

پیئر پروسپرکے بقول سیاستدانوں کو چاہیےکہ دنیا میں نسل پرستی ختم کرنے میں مدد کریں نا کہ اس حوالے سے مسائل میں اضافہ۔ کمیٹی کے مطابق روما باشندوں کے ساتھ نسل پرستی کا معاملہ صرف فرانس میں ہی نہیں بلکہ پورے یورپ سے اکثر اس طرح کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عصمت جبین