1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خلا میں مصنوعی سیاروں کا تصادم

خبر رساں ادارے12 فروری 2009

امریکہ کا ایک موصلاتی سیارہ اور روس کا ایک فوجی سیٹیلائیٹ خلا میں ٹکرا گئے ہیں۔ امریکی فوجی ترجمان کے مطابق انسانی تاریخ کے اس پہلے خلائی تصادم میں دونوں سیارے تباہ ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/GsKj
امریکی خلائی تحقیق کے ادراے ناسا کی جانب سے جاری کی گئی ایک تصویر جس میں سیارہ Iridium دیکھایا گیا ہےتصویر: AP

یہ حادثہ منگل کے روز روس کی شمالی خلائی حدود میں پیش آیا۔ امریکی سٹریٹیجک کمان کے کرنل Les Kodlick کے مطابق امریکہ کے غیر سرکاری مصنوعی سیارے Iridium LLC اور روسی سیارے کا زمین کے مدار میں گردش کرتے ہوئے آپس میں ٹکرا جانا انسانی تاریخ کا پہلا خلائی تصادم ہے۔انہوں نے کہا کہ خلائی مداروں کا استعمال کرنے والی اقوام کو اس حوالے سے آپس میں مربوط اشتراک عمل کی ضرورت ہے تا کہ ایسا واقعہ دوبارہ کبھی رونما نہ ہو۔

امریکی سیٹیلائیٹ کے بارے میں Kodlick کا کہنا تھا کہ وہ موسمیاتی جائزے کے لئے خلا میں بھیجا جانے والا ایک ایسا سیارہ تھاجس کا کام سائنسی مشاہدات کرنا بھی تھا۔ ’’جس مدار میں یہ حادثہ ہوا وہ بہت اہم مدار ہے کیوں کہ اس مدار کو بہت سے سیٹیلائیٹ استعمال کر تے ہیں۔‘‘

Les Kodlick نے کہا کہ اس حوالے سے آگاہی کی ضرورت ہے کیوں کہ مستقبل میں مصنوعی سیاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حادثات سے بچاؤ کی تیاریاں شروع کی جانا چاہئیں۔

امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ دونوں سیارے آپس میں ٹکرانے سے دھوئیں کا ایک بادل پیدا ہوا اور وہ ٹکڑوں میں تقسیم ہوگئے۔ ناسا کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں مصنوعی سیاروں کے یہ ٹکڑے بین الاقوامی خلائی سٹیشن کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

Iridium LLC کو1997 میں خلا میں چھوڑا گیا تھا اور وہ تب سے کامیابی سے اپنے کام کی انجام دہی میں مصروف تھا۔