1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حساس معلومات نشر کرنے پر بھارتی ٹی وی چینل کو سزا

عابد حسین
4 نومبر 2016

بھارتی حکام نے ایک مقبول نیوز ٹی وی چینل کو ایک روز اپنی نشریات بند رکھنے کی سزا دی ہے۔ اس ٹیلی وژن چینل نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کی کارروائی براہ راست نشر کی تھی۔

https://p.dw.com/p/2S8yw
Screenshot Youtube.com Roshni Nadar
تصویر: youtube.com/ShivNadarFoundation

بھارت کی وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے ایک حکم میں این ڈی ٹی وی کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس معلومات نشر کرنے کے ارتکاب پر کم از کم ایک روز اپنی نشریات بند رکھے۔ این ڈی ٹی وی پر نئی دہلی حکومت یہ الزام عائد کرتی ہے کہ اِس نے رواں برس جنوری میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کی غیر معمولی کوریج کی تھی۔

بھارت کے شمالی شہر پٹھان کوٹ میں واقع ایئر فورس کے اسٹریٹیجک مرکز پر دہشت گردانہ حملے میں سات فوجیوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔ نئی دہلی حکام نے اس حملے کا الزام پاکستان میں موجود ایک انتہا پسند عسکری تنظیم پر عائد کیا تھا۔ بھارتی سکیورٹی حلقوں نے حملے کی ذمہ دار جیشن محمد نامی عسکری گروپ کو قرار دیا تھا۔

دوسری جانب این ڈی ٹی وی کی انتظامیہ نے وضاحت دی ہے کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر کیے گئے حملے کی کوریج انتہائی شفاف اور متوازن تھی۔ انتظامیہ کے بیان کے مطابق اِس کوریج کے دوران کوئی ایسی کوئی اضافی معلومات نشر نہیں کی گئی جو کسی اور چینل سے ہٹ کر تھی۔ انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ عدالتی آپشن پر غور کر رہی ہے کہ اگلے بدھ کے روز نشریات بند رکھنے کے حکومتی فیصلے کو کس طرح تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

Indien Angriff Polizeistation Punjab Dinanagar in Gurdaspur
پٹھان کوٹ پر حملے کے دوران انڈین سکیورٹی فورسز کارروائی میں مصروفتصویر: picture-alliance/dpa/P. Singh

این ڈی ٹی وی کی نشریات کو بند رکھنے کے حکومتی فیصلے پر بھارت کے سماجی حلقے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تنقید کرتے ہوئے اسے جمہوری روایات کے منافی اور آزادئ اظہار پر کاری وار سے تعبیر کیا ہے۔ این ڈی ٹی وی سمیت کئی اور اداروں نے اس حکومتی فیصلے کو ایک غیر معمولی اقدام قرار دیا ہے۔

ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا اور اپوزیشن کے نمایاں سیاستدانوں نے بھی بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کے اِس فیصلے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے اِس کی مذمت کی ہے۔ گلڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ این ڈی ٹی وی کی نشریات کو ایک دن کے لیے بند رکھنا آزادئ اظہار کے آفاقی اصول کو روندنے کے مترادف ہے اور بھارتی عوام براہ راست اِس سنسرشپ سے متاثر ہو گی۔

این ڈی ٹی وی بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں قائم ہے اور یہ اہم نیوز چینل میں شمار کیا جاتا ہے۔