1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی افریقہ کی چوتھے ایک روزہ میچ میں دس وکٹوں سے شاندار کامیابی

11 فروری 2007

کیپ ٹاؤ ن میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ کرکٹ میچ میں میزبان ٹیم جنوبی افریقہ نے ایک آسان مقابلے کہ بعد پاکستان کو دس وکٹوں سے شکست دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 108 کا ہدف دیا جو انہوں نے 13.2 اوورز بغیر کسی نقصان کے پورا کیا ۔

https://p.dw.com/p/DYNF


اس میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتداءہی سے شدید دباؤ کا شکار نظر آئی ۔ پاکستان کی پہلی وکٹ صفر پر گری اور 41 رنز کے معمولی اسکور پر اس کے چار کھلاڑی پویلین واپس پہنچ چکے تھے۔ اس موقع پر کپتان انضمام الحق اورشعیب ملک نے ٹیم کی پوزیشن کو کچھ سنبھالا مگر 87 رنز کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک 19 رنز بنانے کے بعد انضمام الحق کا ساتھ چھوڑ گئے۔ ان کی وکٹ کیمپ نے لی۔ شعیب ملک کے آو ٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی اپنے کپتان کا ساتھ نہ دے سکا۔ مہمان ٹیم کے صرف تین کھلاڑی انضمام الحق ، محمد یوسف اور شعیب ملک ہی ڈبل فیگرمیں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔ پاکستانی کپتان کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمن جنوبی افریقہ کے بالرز کے سامنے اعتماد سے نہیں کھیل سکا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی اور بالرز نے اپنے کپتان کے اس فیصلے کو صحیح ثابت کیا اور ابتدائی اوورز میں ہی شان پولاک نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پہلے سپیل میں صرف آٹھ رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے دس اوورز میں محض 13رنز دیئے۔
اس کے علاوہ اینڈریو ہال اور جسٹن کیمپ نے بھی دو دو کھلاڑیں کو آؤٹ کیا۔ژاک کیلس ، نینتی اور لینگیویلٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ وکٹ کیپر مارک باؤچرنے اپنے باؤلرز کا بھرپور ساتھ دیا اور چھ کھلاڑیوں کے کیچ لئے۔ اس طرح پاکستانی ٹیم صرف45.4 اوورز میں 107 رنز کے معمولی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 14 اوررز میں یہ ہدف پورا کر لیا۔ کپتان گریم سمتھ نے 56 جبکہ ڈی ویلئرز 50 رنز بنائے۔ پانچ ایک روزہ اس سیریز میں اب جنوبی افریقہ کو پاکستان پر 2:1 کی برتری حاصل ہے۔ یادرہے کہ تیسرا ایک روزہ کرکٹ میچ بارش کی نظر ہو گیا تھا۔