1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جزیرہ نما عرب میں القاعدہ: علاقائی امیر اور اہم کمانڈر ہلاک

عابد حسین4 فروری 2016

یمن میں القاعدہ کی ذیلی شاخ کا اعلیٰ کمانڈر ابو حمزہ جمعرات کی صبح اپنے ساتھیوں سمیت ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہو گیا ہے۔ بدھ کی رات کیے گئے ایک اور ڈرون حملے میں بھی القاعدہ کے چھ مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/1Hpj9
تصویر: Reuters/P.-T. Fallon

خبر رساں ادارے روئٹرز نے سکیورٹی حکام اور مقامی باشندوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ جلال بلعیدی عرف ابو حمزہ کی کار کو جمعرات چار فروری کی صبح ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ القاعدہ کے مقامی کمانڈر جلال بلعیدی کے دو قریبی ساتھی بھی اِس ڈرون حملے کا نشانہ بننے والی کار میں موجود تھے۔ یہ لوگ یمن کے شمالی صوبے ابیان کے مقام مراقشہ کے قریب تھے کہ ڈرون حملے کا نشانہ بنے۔ ابو حمزہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ زنجبار اور شرقہ کے درمیان سفر کر رہا تھا۔

بلعیدی کے خاندان کے ایک فرد کے علاوہ بعض قبائلی رہنماؤں نے بھی ڈرون حملے میں اُس کی ہلاکت کا ذکر کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق بلعیدی یمن کے کئی صوبوں میں القاعدہ کی سرگرمیوں اور دوسرے انتظامی امور کا نگران اور علاقائی امیر تھا۔ القاعدہ کے اِس علاقائی لیڈر کے سر کی قیمت امریکا نے پانچ ملین ڈالر مقرر کر رکھی تھی۔ اُسے سن 2013 میں یمنی دارالحکومت صنعاء مغربی سفارت کاروں پر ایک بڑے حملے میں بھی عملی طور پر ملوث خیال کیا جاتا تھا۔

Abu Basir Nasir al-Wuhayshi al-Qaida auf der arabischen Halbinsel
گزشتہ برس جون میں جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے سربراہ ناصر الوحیشی کو ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھاتصویر: INTELCENTER

قبل ازیں ایک اور مبینہ امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ سے وابستگی رکھنے والے کم از کم چھ مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔ بغیر پائلٹ اڑنے والے ہوائی جہاز کے ذریعے یہ حملہ جنوبی یمن کے انتہائی افراتفری کے شکار صوبے شبوا کے مقام روضوم میں کیا گیا۔ حملے کا نشانہ ایک موٹر گاڑی تھی اور میزائل لگنے سے اُس میں سوار تمام کے تمام چھ افراد مارے گئے۔ یہ حملہ بدھ کی شب کے ابتدائی پہر میں کیا گیا تھا۔ شبوا علاقے میں القاعدہ کی ذیلی شاخ ’جزیرہ نما عرب میں القاعدہ‘ خاصی سرگرم ہے اور اُس نے ابھی چند روز قبل ایک اہم قصبے عَزن پر بھی قبضہ کیا تھا۔

القاعدہ کی ذیلی شاخ اقاپ (جزیرہ نما عرب میں القاعدہ یا AQAP) اور ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے عسکریت پسندوں نے یمن کے جنوبی علاقوں میں گزشتہ ہفتوں اور مہینوں میں اپنی موجودگی کو بڑھایا ہے۔ حال ہی میں اہم اسٹریٹیجک قصبے عَزن پر القاعدہ کے جہادیوں کا قبضہ انتہائی اہم خیال کیا جاتا ہے۔ عَزن نامی قصبہ شبوا صوبے کے دارالحکومت عتق اور صحرائی صوبے حضرموت کے مرکزی شہر مکلا کو جوڑنے والی شاہرہ کے درمیان میں واقع ہے۔ انہی علاقوں میں گزشتہ برس جون میں جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے سربراہ ناصر الوحیشی کو ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ یمن میں القاعدہ کے موجودہ کمانڈر قاسم الرمی ہے۔