1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہر بوٹروپ مثالی ماحولیاتی شہر بنے گا

11 نومبر 2010

جرمن علاقے رُوہر میں منعقدہ ایک حالیہ مقابلہ، رُوہر کے شمال میں واقع ایک چھوٹے سے شہر بوٹروپ نے جیت لیا ہے۔ بوٹروپ کو اب تقریباً 1.5 ارب یورو کی لاگت سے اگلے دَس برسوں کے اندر اندر مثالی ماحولیاتی شہر بنا دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/Q4Kh
بوٹروپ میں داخلے کا ایک راستہتصویر: picture alliance / dpa

اس مقابلے کا مقصد ایک ایسے شہر کا انتخاب تھا، جسے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کرتے ہوئے وہاں ماحول کے لئے ضرر رساں گیس کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کی مقدار میں نصف کمی کی منزل حاصل کی جائے۔ اِس مقابلے میں پانچ شہروں نے درخواست دے رکھی تھی۔ مقابلے کا اہتمام اِنوویشن سٹی رُوہر کے عنوان کے تحت کیا گیا تھا۔

منتظمین نے اِس مقابلے کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اب ایک لاکھ اٹھارہ ہزار کی آبادی والے بوٹروپ کو جرمنی ہی نہیں بلکہ پورے یورپ کا ایک ایسا مثالی شہر بنایا جائے گا، جہاں تحفظ ماحول کی تمام تر جدید سہولتیں میسر ہوں گی۔ اِس منصوبے کے دوران رہائشی مکانات کو جدید تر بنایا جائے گا، توانائی پیدا کرنے کے ذرائع میں سرمایہ لگایا جائے گا اور ٹریفک کے پورے ڈھانچے کو ماحول دوست بنایا جائے گا۔

Deutschland Duisburg Kultur Licht RUHR.2010 Landschaftspark Nord Nachtaufnahme
رُوہر کا علاقہ 2010ء میں یورپی ثقافتی دارالخلافہ ہے، اِس تصویر میں اِس علاقے کا روشنیوں سے سجا ایک شہر ڈوئیزبرگ نظر آ رہا ہےتصویر: AP

اِس منصوبے کے لئے مطلوبہ زیادہ تر مالی وسائل نجی شعبے کے 60 کاروباری اور صنعتی اداروں کی طرف سے فراہم کئے جائیں گے۔ اِس کے علاوہ جرمن صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا بھی رقوم فراہم کرے گا۔ بوٹروپ شہر کی تیرہ ہزار پانچ سو منتخب عمارات میں سے ہر سال تقریباً چھ فیصد عمارات کو جدید ماحولیاتی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

بوٹروپ کے ساتھ ساتھ بوخُم، ایسن، گیلزن کِرشن/ہیرٹن اور میول ہائم نے اِس اعزاز کے حصول کے لئے مقابلے میں شرکت کی تھی۔ اِن تمام شہروں نے اپنے اپنے منفرد منصوبے پیش کئے اور بتایا کہ کیسے ایک پورے شہر یا اُس کے کسی حصے میں سن 2020ء تک توانائی کی مانگ میں نصف کمی کی جا سکتی ہے۔

بوٹروپ کو مثالی بنانے کے منصوبے کی باگ ڈور کرسٹینا کلائن ہائنز کے ہاتھوں میں ہے۔ ابھی اُن کا شہر یہ مقابلہ جیتا بھی نہیں تھا، جب اُنہوں نے کہا تھا کہ محض اِس مقابلے میں شرکت بھی بوٹروپ کے لئے بہت مفید ثابت ہوئی ہے:’’ہم سب کو یقین ہے کہ ہم ابھی سے جیت چکے ہیں، اِس لئے کہ ہم نے بہت سے منصوبے پیش کئے ہیں، بہت زیادہ نئے نئے تصورات اکٹھے کئے ہیں، مختلف کاروباری اور صنعتی اداروں اور انتظامیہ کا ایک نیٹ ورک قائم کیا ہے اور یہ کام ہر صورت میں جاری رکھا جائے گا۔‘‘

Deutschland Essen Kultur Licht RUHR.2010 Zollverein Nachtaufnahme
رُوہر کے علاقے سے ایک مدت تک زمین سے کوئلہ نکالا جاتا رہا ہے، اب یہ علاقہ اپنے ثقافتی پہلوؤں کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کر رہا ہےتصویر: AP

بوٹروپ کا انتخاب اِس لئے بھی کیا گیا کہ اِس کے خاکوں کو زیادہ آسانی سے دیگر شہروں پر منطبق کیا جا سکتا ہے۔ بوٹروپ شہر کے جن حصوں کو مثالی بنایا جائے گا، اُن کی آبادی تقریباً سڑسٹھ ہزار ہے اور وہ شہر کے وسطی اور جنوبی علاقوں پر مشتمل ہیں۔ اِس مثالی علاقے میں سورج اور ہوا سے حاصل ہونے والی بجلی پر انحصار بڑھایا جائے گا اور زمین کے اندر موجود حرارت سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔ اِس مقصد کے لئے کوئلے کے ساتھ ساتھ ایک ہزار میٹر کی گہرائی سے برآمد ہونے والا پتھریلا مواد استعمال کیا جائے گا۔

UMSICHT نامی ادارے کے یوزیف رابرٹ بتاتے ہیں:’’روزانہ تقریباً پندرہ ہزار کیوبک میٹر پتھر اوپر لایا جاتا ہے۔ یہ مقدار بہت سے گھروں کو حرارت فراہم کرنے کے لئے کافی ہے۔‘‘

بوٹروپ کو مثالی ماحولیاتی شہر بنانے کے عمل کے دوران وہاں نقل و حمل کے برقی توانائی سے چلنے والے ذرائع کو فروغ دیا جائے گا اور سرسبز جگہوں کو زیادہ محفوظ بنانے کے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔

رپورٹ: ماتِلڈا جوردانووا ڈوڈا / امجد علی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں