1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تائیوان میں پچیس سال کا شدید ترین زلزلہ، سینکڑوں افراد زخمی

3 اپریل 2024

تائیوانی حکام نے کم از کم سات افراد کی ہلاکت اور سات سو سے زیادہ کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔ جرمنی سمیت کئی ملکوں کے درجنوں شہری ایک سرنگ میں پھنس گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4eMzu
زلزلے سے متعدد عمارتیں منہدم اور جھک گئیں
زلزلے سے متعدد عمارتیں منہدم اور جھک گئیںتصویر: CNA/AFP

تائیوان کی سینٹرل ویدر ایڈمنسٹریشن (سی ڈبلیو اے) نے کہا ہے کہ بدھ کی صبح کو جزیرے کے قریب 7.2 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس نے کہا کہ زلزلے کا مرکز ہوالین شہر سے پچیس کلومیٹر جنوب مشرق میں سطح زمین سے 15.5 کلومیٹر نیچے تھا۔

تائیوان کے نشریاتی ادارے ٹی وی بی ایس نے منہدم عمارتوں کی فوٹیج پوسٹ کی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے تائیوان کے فائر ڈپارٹمنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کم  از کم چھبیس عمارتیں منہدم ہوگئیں جن میں سے تقریباً نصف مشرقی شہر ہوالین میں تھیں۔

تائیوان میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد اٹھائیس ہو گئی

مقامی طورپر نشر ہونے والے فوٹیج میں تباہ شدہ عمارتوں کو خطرناک زاویوں پر جھکا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ زلزلہ پچھلے پچیس سالوں میں اب تک کا سب سے طاقت ور زلزلہ تھا
یہ زلزلہ پچھلے پچیس سالوں میں اب تک کا سب سے طاقت ور زلزلہ تھاتصویر: TVBS via AP/picture alliance

پچھلے 25 سالوں میں شدید ترین زلزلہ

تائی پے کے سیسمولوجی سینٹر کے ڈائریکٹر وو چیئن فو نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ زلزلہ پچھلے "پچیس سالوں میں اب تک کا سب سے طاقت ور زلزلہ تھا۔"

جنوبی تائیوان میں شدید زلزلہ، دَس سے زائد ہلاک

وو نے ستمبر 1999میں آنے والے 7.6 شدت کے زلزلے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ زلزلہ کا جھٹکا پورے تائیوان اور سمندری جزائر پر محسوس کیا گیا... یہ 1999کے زلزلے، جس میں 2400 افراد ہلاک ہوئے تھے، کے بعد سے پچیس سالوں میں سب سے طاقتو ر ہے۔"

وو  نے خبر دار کیا کہ "لوگوں کو متعلقہ انتباہات اور پیغامات پر توجہ دینی چاہئے اور زلزلے سے انخلاء کے لیے تیار رہنا چاہئے۔"

تائیوان میں اکثر زلزلے کے جھٹکے آتے رہتے ہیں کیونکہ یہ جزیرہ دو ٹیکٹونک پلیٹوں کے سنگم کے قریب واقع ہے۔ جب کہ قریبی جاپان میں ہر سال زلزلے کے تقریباً 1500 جھٹکے محسوس کیے جاتے ہیں۔

زلزلہ آنے کے بعد جاپان نے جنوبی جزائر میں سونامی کی وارننگ جاری کی تھی
زلزلہ آنے کے بعد جاپان نے جنوبی جزائر میں سونامی کی وارننگ جاری کی تھیتصویر: TVBS via AP/dpa/picture alliance

جاپان نے سونامی کی وارننگ کو 'مشورے' میں تبدیل کردیا

جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی (جے ایم اے) نے زلزلہ آنے کے بعد جاپان کے جنوبی جزائر میں سونامی کی وارننگ جاری کی تھی لیکن بعد میں اسے" مشورے" میں تبدیل کر دیا۔

جاپان میں شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ

جے ایم اے نے کہا کہ خطے میں ایک میٹر اونچی تک لہریں اٹھ سکتی ہیں۔

جے ایم اے نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجکر 18منٹ پر یوناگونی جزیرے پر 30سینٹی میٹر کا سونامی پہنچ گیا تھا۔

جاپان: خوفناک زلزلے کے بعد سونامی

قبل ازیں جاپانی حکام نے اوکی ناوا کے جنوبی علاقے میں ساحل کے قریبی علاقوں میں انخلاء کی ایڈوائزی جاری کی تھی۔

جاپان کے قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے ایک بینر پوسٹ کیا ہے جس پر لکھا ہے،"انخلاء! "

این ایچ کے کے ایک اینکر نے کہا، "سونامی آرہی ہے، براہ کرم فوری طورپر علاقہ چھوڑ دیں۔ رکیں نہیں، واپس نہ جائیں۔"

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے جاپانی وزارت ٹرانسپورٹ کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اوکی ناوا کے ناہا ہوائی اڈے پر پروازیں احتیاطی طور پر معطل کردی گئی ہیں۔

فلپائن نے سونامی کی وارننگ منسوخ کردی

فلپائن نے بھی سونامی کی بلند لہروں کی وارننگ جاری کی تھی اور ساحلی علاقوں کو خالی کرنے کی اپیل کی تھی۔

ملک کی سیسمولوجی ایجنسی نے بعد میں سونامی کی وارننگ منسوخ کردی۔

ایجنسی نے ایک ایڈوائزری میں کہا، "ہمارے سطح سمندر کی نگرانی کرنے والے اسٹیشنوں سے دستیاب اعداد و شمار کی بنیاد پر کہہ سکتے ہیں کہ سمندر کی سطح میں کوئی خاص خلل ریکارڈ نہیں ہوا ہے۔"

ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)