1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بے وفائی بیوی سے، دُوری کھیل سے

12 دسمبر 2009

گولف کے معروف کھلاڑی ٹائیگر وُڈز نے اپنی اہلیہ کے ساتھ بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے کھیل سے غیرمعینہ مدت تک کے لئے وقفے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/L12o
تصویر: picture-alliance / dpa

ان کی ذاتی زندگی گزشتہ کچھ ہفتوں سے ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ دو ہفتے سے انہیں دیکھا نہیں گیا ہے۔ اب انہوں نے تمام تر توجہ اپنے بیوی بچوں پر دینے ارادہ ظاہر کیا ہے۔

اس ارب پتی گولفر کا نام دس خواتین کے ساتھ جوڑا جارہا ہے، جس کے بعد انہوں نے اپنی بیوی سے بے وفائی کا اقرار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 'پی جی اے ٹور' میں غیرمعینہ مدت تک شریک نہیں ہوں گے۔ ساتھ ہی وُڈ نے معافی بھی مانگی ہے۔ بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک اچھے شوہر اور والد بننے کی کوشش کریں گے۔

وُڈزکہتے ہیں، 'شاید اُس نقصان کا ازالہ ممکن نہ ہوں، جو میں نے اپنی بیوی ایلن کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا کر کیا ہے، لیکن میں کوشش کرنا چاہتا ہوں۔ میری بے وفائی سے بیشتر لوگوں کو مایوسی ہوئی، ان کا دِل دُکھا، سب سے بڑھ کر میری بیوی اور بچوں کا، اور میں اس سے آگاہ ہوں۔'

Tiger Woods Flash-Galerie
ٹائیگر ووڈز کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہےتصویر: AP

دوسری جانب 'پی جی اے ٹور' کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ ٹائیگر وُڈ زکو کھیل کی طرف زبردستی کھینچنے کی کوشش نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وُڈ کی ترجیحات وہی ہونی چاہئیں، جو وہ چاہتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے ان کی نجی زندگی کے لئے احترام کا جذبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھیل کی طرف تب ہی لوٹیں، جب انہیں مناسب لگے۔ چونتیس سالہ ٹائیگر کی ایک دو سالہ بیٹی اور دس ماہ کا بیٹا ہے۔

رپورٹ : ندیم گل

ادارت : شادی خان