1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بے نظیر قتل کی تحقیقات: فنڈز ناکافی ہیں، اقوامِ متحدہ

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: امجد علی11 جون 2009

پاکستان کی سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹّو کے قتل کی تحقیقات کے لیے تشکیل دیے جانے والے اقوام ِمتحدہ کے کمیشن نے پاکستانی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ ڈونر ممالک کی جانب سے منظور کی گئی رقم فوری طور پر جاری کرے۔

https://p.dw.com/p/I7Du
پیپلز پارٹی کو اقتدار سنبھالے بھی ایک برس سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے تاہم بے نظیر قتل کے حوالے سے اب تک کوئی معمولی پیش رفت بھی نہیں ہوئی ہےتصویر: AP
Benazir Bhutto vor Attentat Erkenntnisse Scotland Yard
بے نظیر لیاقت باغ کے جلسہ گاہ کی طرف سفر کرتی ہوئیں۔ یہ ان کا آخری جلسہ ثابت ہواتصویر: AP


اقوامِ متحدہ کے کمیشن کے مطابق بے نظیر بھٹّو کے قتل کی تحقیقات پر ابتدائی طور لگایا جانے والا چار ملین امریکی ڈالرز کا تخمینہ ناکافی ہے اور اس میں خاطر خواہ اضافے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ بے نظیر بھٹّو کو ستائیس دسمبر دو ہزار سات کو راولپنڈی میں ایک عوامی جلسے کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔ بے نظیر بھٹّو کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے سن دو ہزار آٹھ میں اقتدار میں آنے کے بعد قتل کی تحقیقات اقوامِ متحدہ کے ذریعے کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس ضمن میں جن ملکوں نے مالی اور تکنیکی امداد کی پیشکش کی تھی، ان میں جرمنی، جاپان، ترکی، متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب شامل ہیں۔

Zaradari spricht vor UN-Vollversammlung
پاکستانی صدر اور مقتول بے نظیر بھٹّو کے شوہر آصف علی زرداری نے بے نظیر قتل کی تحقیقات اقوامِ متحدہ کے ذریعے کروانے کا اعلان کیا تھاتصویر: AP

اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے اقوامِ متحدہ کے خصوصی کمیشن نے ڈونر ممالک کی ایک میٹنگ طلب کی تھی مگر اس میں کویت اور متحدہ عرب امارات کے نمائندوں نے شرکت نہیں کی جبکہ سعودی عرب نے شرکت سے معذرت کرلی۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمیشن میں پاکستان کے نمائندے نے پاکستانی دفترِ خارجہ کو اطلاع دی ہے کہ جن ممالک نے اس میٹنگ میں شرکت کی، اُنہوں نے بھی فنڈز کی فراہمی کا کوئی وعدہ نہیں کیا۔

ابتدائی طور پر اقوامِ متحدہ کے کمیشن نے بے نظیر بھٹو کے قتل کی تفتیش کے لیے چار ملین ڈالرز کا تخمینہ لگایا تھا۔ ان فنڈز کا ناکافی ہونا اپنی جگہ، کمیشن کو طے شدہ رقم کی وصولی میں ہی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ بے نظیر بھٹّو کو قتل ہوئے ڈیڑھ برس ہو گیا ہے اور ان کی اپنی ہی جماعت پیپلز پارٹی کو اقتدار سنبھالے بھی ایک برس سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے تاہم بے نظیر قتل کے حوالے سے اب تک کوئی معمولی پیش رفت بھی نہیں ہوئی ہے۔ پاکستان میں بعض حلقوں کا موقف ہے کہ پیپلز پارٹی کا اِس قتل کی تحقیقات اقوامِ متحدہ کے سپرد کرنے کا مقصد ہی اِس معاملے کو سرد خانے میں ڈالنا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں