بنگلہ دیش میں فسادات ، ہلاکتوں کی تعداد 53 ہو گئی
1 مارچ 2013مظاہروں کا یہ تازہ سلسلہ جنگی جرائم کی خصوصی عدالت کی جانب سے جمعرات 28 فروری کو بنگلہ دیش کی اسلام پسند سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کے رہنما دلاور حُسین کو 1971ء کی جنگ دوران جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنانے کے بعد شروع ہوا۔ دلاور حسین پر الزام تھا کہ انیس سو اکہتر میں وہ قتل، آتش زنی اور آبرو ریزی سمیت دیگر جنگی جرائم میں ملوث رہے تھے۔
دلاور حسین وہ تیسرے سیاسی رہنما ہیں جنہیں اس ٹریبونل کی جانب سے سزا سنائی گئی ہے۔ اس متوقع فیصلے کی وجہ سے جماعت اسلامی نے جمعرات کے روز پہلے ہی ملک بھر میں ہڑتا ل اور مظاہروں کا اعلان کر رکھا تھا۔ بنگلہ دیش کی دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس ٹریبونل کی کارروائیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ضلع گائیبندھا کے پولیس چیف ناہید الاسلام کے مطابق جمعرات کے روز فسادات کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب حکومتی حامیوں اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کے درمیان مظاہرے کے دوران ٹکراؤ ہوگیا۔ اس دوران دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کردیا۔ اس لڑائی میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
خبررساں ادارے اے ایف پی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹریبونل کی جانب سے 21جنوری کو پہلا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سے اب تک ہونے والے مختلف مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 سے زائد ہو چکی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہےکیونکہ ہسپتالوں میں اس وقت بھی تین سو سے زائد زخمی افراد میں سے بیشتر شدید زحمی ہیں۔
جمعرات کو ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں مجبوری کے عالم میں اس وقت گولی چلانی پڑی جب مظاہرین نے لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کر کے چار پولیس اہلکاروں کو ہلاک اور دو کو شدید زخمی کردیا تھا۔
جماعت اسلامی نے پولیس کے مؤقف کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے کارکنوں پر پولیس نے بلا اشتعال فائرنگ کی اور وہ مظاہرین پر نشانے لے کر براہ راست فائرنگ کرتی رہی۔
مسلم اکثریتی ملک بنگلہ دیش میں آج نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مظاہروں کے خطرات کے پیش نظر سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی تھی۔ ڈھاکا میں ملک کی سے بڑی مسجد بیت المکرم کے اکثر دروازےحفاظتی اقدمات کے پیش نظر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کسی بھی ناخوشگورا واقع سے بچنے کے لیے ملک کے بیشتر اضلاع میں آج ہر طرح کے مظاہروں اور اجماعات پر پابندی لگا ئی گئی۔
ng/zb (AFP)