1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی ڈیزائنر مک کوئین کی موت، خودکشی کا شبہ

12 فروری 2010

مشہور زمانہ برطانوی فیشن ڈیزائنرالیگزینڈر مک کوئین نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی ہے۔ چالیس سالہ مک کوئین جمعرات کو سینٹرل لندن میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔

https://p.dw.com/p/LzKA
تصویر: AP

برطانوی حکام یا مک کوئین کے مشتہرین میں سے کسی نے خودکشی کی تصدیق نہیں کی۔ تاہم پولیس نے ان کی موت میں کسی مشتبہ پہلو کے امکان کو مسترد کیا ہے۔

ایک ہفتہ قبل ہی مک کوئین کی والدہ انتقال کرگئیں تھیں۔ برٹش فیشن انڈسٹری کے ''Bad Boy'' کے نام سے مشہور اس ڈیزائنر کو نرالے طرز کے لباس ڈیزائن کرنے کے حوالے سے عالمی شہرت حاصل تھی۔ مک کوئین کی مصنوعات کی تشہیر کرنے والی ویب سائٹ پر جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال ان کی المناک موت کے بارے میں کچھ بھی کہنا نامناسب ہے۔

Italien Mailand Modemesse Herrrenmode Herbst Winter 2008 2009
گزشتہ سال میلان میں مک کوئین کے ڈیزائن کردہ ملبوسات کی نمائشتصویر: AP

مک کوئین چار مرتبہ بہترین برطانوی فیشن ڈیزائنر کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی موت لندن فیشن ویک سے محض چند دن جبکہ پیرس فیشن ویک سے محض ایک مہینہ قبل ہوئی۔ والدہ کے انتقال کے بعد مک کوئین نے ایک انٹرنیٹ بیان میں اپنے غم کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے اپنے دوستوں کی تعریف کرتے ہوئے غم بھلانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا تھا۔ ملک کوئین کی ایک قریبی دوست، فیشن ڈیزائنر Isabella Blow بھی تین سال قبل خودکشی کرچکی ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل