1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی طالبہ کے قتل میں سزایافتہ امریکی امانڈا ناکس کی اپیل منظور

4 اکتوبر 2011

اٹلی میں برطانوی طالبہ کے قتل میں عمر قید کی سزا پانے والی امریکی طالبہ امانڈا ناکس کی اپیل کو عدالت نے منظور کر لیا ہے۔ اس کے سابق بوائے فرینڈ کو بھی رہائی نصیب ہوگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/12l5o
امانڈا ناکستصویر: AP

برطانیہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ میریڈِتھ کیرچر کے قتل میں ملوث امریکہ کی طالبہ امانڈا ناکس اور اس کے سابق بوائے فرینڈ رافائلے سولےچیٹو کو ماتحت عدالت کی جانب سے بالترتیب چھبیس اور پچیس سال کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔ ان دونوں کی جانب سے نظرثانی کی اپیل پر اطالوی شہر پیروژا کی اعلیٰ عدالت نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

عدالت کے جج کلاڈیو پراٹیلو ہیلمین نے پیر کی شام فیصلہ سنایا۔ جیوری کے اراکین گیارہ گھنٹے تک بحث و تمحیص میں مصروف رہے۔ عدالت نے نئی شہادتوں کی روشنی میں دونوں کو رہا کردیا ہے۔ عدالتی کمرے میں مقتولہ کے بھائی اور بہن نے فیصلے کے بعد ایک دوسرے کو تسلی و تشفی دی۔

امانڈا ناکس اور اس کا دوست تقریباً چار برس اطالوی جیلوں میں قید رہے۔ عدالت کی سیڑھیوں پر امانڈا کی بہن ڈیانا کا کہنا تھا کہ وہ عدالت کے شکر گزار ہیں کہ اس نے حوصلے سے درست اور صحیح کو جانتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا۔ امانڈا کا بھی کہنا تھا کہ وہ اور اس کے خاندان نے ایک ایسے جرم میں چار برس کا دکھ برداشت کیا ہے جو اس سے سرزد نہیں ہوا تھا۔

Italien USA Urteil Amanda Knox in Perugia Flash-Galerie
امانڈا ناکس عدالت میں اپیل کی سماعت کے دورانتصویر: AP

رہائی پانے کے بعد امانڈا نے بھرائی ہوئی آواز میں کہا کہ اس نے کوئی قتل یا چوری نہیں کی تھی اور نہ ہی اس کے ہاتھوں کسی جنسی زیادتی کا ارتکاب ہوا تھا۔ اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ وقوعے کے وقت وہ وہاں موجود نہیں تھی اور اب رہائی کے بعد وہ اپنے ملک جا رہی ہے تا کہ اطمینان کے ساتھ وہ اپنی زندگی کی جانب لوٹ سکے۔ اس موقع پر اس نے اپنے معصوم اور بیگناہ ہونے کا بھی ذکر کیا۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ فوری طور پر امریکہ روانہ ہو جائے گی۔

عدالتی فیصلہ سنائے جانے کے بعد سینکڑوں افراد نے فیصلے کے خلاف زوردار نعرے بازی کی۔ مظاہرہ کرنے والوں نے جج اور جیوری کے اراکین کو قاتل قرار دیا۔ دوسری جانب استغاثہ نے کہا ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔ استغاثہ نے اپیل کے دوران دونوں کے لیے سزا میں اضافے کی استدعا کی تھی۔

اطالوی شہر پیروژا میں برطانوی طالبہ میریڈتھ کیرچر کے ساتھ امانڈا ناکس ایک ہی اپارٹمنٹ میں رہتی تھی۔ اس کے قتل میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تیسرے شخص روڈی گوئیڈے کو تیس سال کی سزا سنائی گئی تھی جو اپیل میں کم کر کے سولہ برس کر دی گئی تھی۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  حماد کیانی