1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انیس برس قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کی نعش برآمد، بہن گرفتار

17 فروری 2019

کروشيا کی پوليس نے انيس برس قبل لاپتہ ہونے والی ايک لڑکی کی ايک گھر کے فريزر سے لاش برآمد کر لی ہے اور ساتھ ہی لاپتہ لڑکی کی بہن کو شک کی بنياد پر حراست ميں لے ليا گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/3DX7H
Symbolbild junges Mädchen Gewalt Vergewaltigung
تصویر: picture-alliance/Photoshot

کروشيا کی پوليس نے ايک عورت کو حراست ميں لے ليا ہے۔ مشتبہ عورت کو اس کے گھر کے فريزر سے انيس سال پہلے لاپتہ ہونے والی اس کی بہن کی لاش ملنے پر گرفتار کيا گيا۔ پوليس نے اس واقعے کی تصديق کر دی ہے۔ ايک مقامی نيوز  ويب سائٹ کے مطابق يہ گرفتاری دارالحکومت زغرب سے ايک سو کلوميٹر شمال کی طرف واقع ايک چھوٹے سے گاؤں ميں پالوویچ ميں ہفتے کے روز کی گئی۔ حراست ميں لی جانے والی عورت کی شناخت ظاہر نہيں کی گئی ہے تاہم اس کی عمر پينتاليس برس ہے۔

جس مکان سے لاش برآمد ہوئی، وہ جيسمينا ڈومينچ کے خاندان کا ہے۔ يہ وہی طالبا ہے جو سن 2000 ميں لاپتہ ہو گئی تھی۔ يہاں يہ بات بھی قبل ذکر ہے کہ جيسمينا کی گمشدگی کی اطلاع باقاعدہ طور پر پانچ برس بعد دی گئی۔ وہ اپنے خاندانی مکان ميں اپنے بہن کے ہمراہ رہا کرتی تھی اور پھر اعلی تعليم کی غرض سے زغرب چلی گئی تھی۔ جيسمينا کی بہن اپنے خاوند اور دو بچوں کے ساتھ اسی مکان ميں رہتی رہی۔ ان کے والد کا پہلے ہی انتقال ہو چکا تھا جبکہ والدہ جرمنی ميں رہائش پذير تھيں۔

فی الحال يہ واضح نہيں کہ کس کی اطلاع پر پوليس نے گھر کی تلاشی لی اور انہيں لاپتہ لڑکی کی نعش دستیاب ہوئی۔ لاش گھر کے تہ خانے ميں موجود دو فريزرز ميں سے ايک ميں رکھی ہوئی تھی۔ مقامی ميڈيا پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق اس گھر کی بجلی کٹنے کے بعد اِس گھر سے ايک ناقابل برداشت قسم کی بدبو پھیلنے لگی تھی۔ پوليس نے مشتبہ عورت کے خاوند کو بھی پوچھ گچھ کے ليے کچھ گھنٹوں تک تحويل ميں رکھا تاہم پھر اسے رہا کر ديا گيا۔

پوليس نے اس معاملے کی تفتيش جاری رکھی ہوئی ہے۔

ع س / ع ح، نيوز ايجنسياں