1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انتخابات کے موقع پر تشدد، 130 سے زائد ہلاک یا زخمی

20 اکتوبر 2018

افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک خودکش دھماکے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق آج ہفتے کے روز پولنگ کے دوران ہونے والے پرتشدد واقعات میں 130 سے زائد افراد ہلاک یا زخمی ہوئے۔

https://p.dw.com/p/36t0G
Afghanistan Parlamentswahl | Polizei in Kabul
تصویر: Reuters/M. Ismail

افغانستان میں آج پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں تشدد کے واقعات کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں پولنگ اسٹیشن کے قریب ایک خودکش حملہ ہوا۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق اس حملے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں آٹھ پولیس اہلکار ہیں۔

کابل پولیس کے ترجمان بصیر مجاہد نے ڈی پی اے کو بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے خودکش حملہ آور کو پہچان لیا تھا جس کے بعد اس حملہ آور نے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے قبل ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ یہ واقعہ کابل کے شمالی حصے میں پیش آیا۔

Afghanistan Parlamentswahlen Kabul
پولیس اہلکاروں نے خودکش حملہ آور کو پہچان لیا تھا جس کے بعد اس حملہ آور نے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے قبل ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔تصویر: DW/Q. Adeli

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے افغان حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ پارلیمانی انتخابات شدید افراتفری کا شکار رہے۔ اس موقع پر سینکڑوں پولنگ اسٹیشن کھل ہی نہ سکے جبکہ ووٹرز قطاروں میں کئی گھنٹوں تک منتظر کھڑے رہے۔

افغان وزارت صحت کے ترجمان محب اللہ کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے موقع پر دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں سب سے زیادہ نقصان دارالحکومت کابل میں ہوا۔ محب اللہ کے مطابق دارالحکومت میں ہونے والے متعدد دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 80 افراد زخمی ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی کم از کم تعداد بھی چار تھی۔ اس تعداد میں کابل کے شمالی حصے میں ایک پولنگ اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد شامل نہیں تھی۔

Afghanistan Parlamentswahlen Kabul
فغان حکام کے مطابق پارلیمانی انتخابات شدید افراتفری کا شکار رہے۔ سینکڑوں پولنگ اسٹیشن کھل ہی نہ سکے جبکہ ووٹرز قطاروں میں کئی گھنٹوں تک منتظر کھڑے رہے۔تصویر: DW/Q. Adeli

دوسری طرف افغانستان کے کچھ حلقوں میں پولنگ کا عمل اتوار کے دن بھی ہوگا۔ افغان الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ ٹیکنیکل اور انتظامی مسائل کی وجہ سے ہفتے کے دن کچھ حلقوں میں پولنگ کا عمل متاثر ہوا، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے سربراہ عبدالبادی صیاد کے مطابق کئی مراکز میں پولنگ کا عملہ اور پولنگ کے لیے مواد بھی تاخیر سے پہنچا، لہٰذا ان حلقوں میں پولنگ کا سلسہ اتوار کے روز تک جاری رہے گا۔

افغانستان: بقا کے لیے انتخابی امیدواری

ا ب ا / ع آ (ڈی پی اے، اے ایف پی)