1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی فوجیوں میں خودکشی کے رجحان میں ریکارڈ اضافہ

Imtiaz Ahmad9 جون 2012

رواں برس اوسطا ہر روز ایک امریکی فوجی نے خودکشی کی ہے۔ پینٹاگون کے اعداد و شمار کے مطابق افغان اور عراق جنگ کے آغاز کے بعد سے یہ سب سے زیادہ شرح ہے۔

https://p.dw.com/p/15B8P
تصویر: picture-alliance/dpa

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سن دو ہزار بارہ کے پہلے 155 دنوں میں 154 ملٹری اہلکاروں نے خود کشی کی ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں یہ اضافہ اٹھارہ گنا زیادہ بنتا ہے۔

فوجیوں میں خود کشی کے رجحان میں اضافے کو دیکھتے ہوئے امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے امریکی اعلیٰ قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے مئی میں ایک یاداشت جاری کی ہے، جس کا عنوان فوج کو درپیش ’سب سے پیچیدہ اور فوری حل طلب‘ مسائل رکھا گیا ہے۔

افغانستان کی جنگ، جس کا آغاز 2001 میں ہوا تھا، امریکی تاریخ کی سب سے طویل جنگ ہے۔ اس بارے میں ماضی میں افغانستان اور عراق کی جنگوں میں حصہ لینے والے فوجیوں کے ترجمان Paul Riekhoff کا کہنا ہے، ’’گزشتہ چند برسوں سے خودکشی کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ہم اس رجحان سے پریشان ہیں کیونکہ یہ بڑھتا ہی جا رہا ہے اس کی وجہ بالکل واضح ہے۔ فوجیوں کو جنگی علاقوں میں زیادہ عرصے کے لیے بھیجا جاتا ہے اور زیادہ تر فوجی ان علاقوں میں اپنے منفی تجربات کو بھلا نہیں پاتے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ خود بھی پریشان رہتے ہیں اور ان کے گھروں میں لڑائی جھگڑے بھی ہوتے رہتے ہیں۔‘‘

US Armee PTBS Krieg Psychische Folgen
امریکی ماہرین کا خیال ہے کہ فوجیوں میں خود کشی کے واقعات کی بنیادی وجہ ذہنی اورنفسیاتی دباؤ ہےتصویر: AP

امریکی ماہرین کا خیال ہے کہ فوجیوں میں خود کشی کے واقعات کی بنیادی وجہ ذہنی اورنفسیاتی دباؤ ہے لیکن Paul Riekhof کے بقول اس کی ایک وجہ اوربھی ہے ’’ہر چار یا پانچ فوجیوں میں سے کم ازکم ایک فوجی جنگ سے واپسی پرشدید نوعیت کے دماغی دباؤ کے باعث کافی زیادہ شراب نوشی کرنے لگتا ہے جو گھریلو پریشانیوں کا باعث بھی بنتی ہے۔‘‘

واشنگٹن میں پینٹاگون نے محض اس لیے کئی مشاورتی اور نفسیاتی امدادی پروگرام شروع کر رکھے ہیں کہ خود کشی کے اس رجحان کو کسی طریقے سے روکا جا ئے ۔ اس سلسلے میں پینٹا گون کی ویب سائٹ پر فوجیوں کو خودکشی سے بچنے کے لیے کئی مشورے بھی دیے گئے ہیں۔

امریکی فوج کی ایک سائیکالوجسٹ کا کہنا ہے کہ ذہنی دباؤ کے شکار فوجیوں کے لیے پینٹاگون کے امدادی پروگرام ناکافی ہیں اور خود کشی کے واقعات میں کمی کے لیے مزید اقدامات کیے جانا چاہیئں۔

ia / at, (AFP, dpa, AP)