1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستمقبوضہ فلسطینی علاقے

امریکی اور برطانوی خفیہ اداروں کا غزہ میں فائربندی پر زور

7 ستمبر 2024

امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنس اور ایم آئی سِکس کے سربراہ رچرڈ مور نے کہا ہے کہ ان کے ادارے تمام ممکنہ کوشش کر رہے ہیں کہ غزہ میں فائربندی ہو جائے، جہاں گیارہ ماہ سے جنگ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/4kOOO
غزہ میں ایک عارضی مہاجر بستی
غزہ میں ایک اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کا منظرتصویر: Ramadan Abed/REUTERS

برطانوی اخبار فائنانشل ٹائمز میں آج چھاپے گئے ایک مشترکہ مضمون میں ان دونوں اہلکاروں کا کہنا تھا کہ غزہ میں عسکریت پسند تنظیم حماس کے خلاف اسرائیلی حملے روکنے سے عام فلسطینی شہریوں کی جانیں بچانا اور غزہ میں حماس کے زیر حراست اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہو گی۔

حالیہ دنوں میں امریکی حکام کا اصرار رہا ہے کہ اس تنازعے میں فریقینایک فائربندی معاہدے پر اتفاق رائے کے قریب ہیں، تاہم اب تک کوئی معاہدہ طے نہیں پا سکا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ اس معاہدے کے حوالے سےفقط چند امور طے ہونا باقی ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کسی پیش رفت سے متعلق اطلاعات 'درست نہیں‘ ہیں۔

یہ بات اہم ہے کہ امریکہ اور برطانیہ دونوں اسرائیلی کے قریبی اتحادی ہیں، تاہم بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے خدشات کے پیش نظر برطانیہ نے پیر کو اسرائیل کے لیے کچھ ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو
یتین یاہو نے فائربندی معاہدے کے سلسلے میں کسی بڑی پیش رفت کی خبروں کو نادرست قرار دیا ہےتصویر: Ohad Zwigenberg/AP/picture alliance

غزہ میں جنگ کے ماحول میں پولیو ویکسینیشن مہم

اس وقت جنگ زدہ غزہ میں طبی حکام پولیو ویکسینیشن مہم کی تکمیل کی کوششوں میں ہیں۔ غزہ میں پولیو کے سبب دس ماہ کے ایک بچے کی ٹانگ مفلوج ہونے کے بعد نو روزہ پولیو ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے تحت وہاں میں دس برس سے کم عمر کے چھ لاکھ چالیس ہزار بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جانے ہیں۔

گزشتہ پچیس برسوں میں غزہ میںپولیو کا یہ پہلا کیس تھا۔ گزشتہ اتوار کو اس مہم کا آغاز ہوا تھا، تاہم جنگ سے تباہ حال غزہ میں تمام بچوں کو ویکسین پہنچانا ایک غیرمعمولی چیلنج ہے۔

حماس کے زیرنگرانی کام کرنے والی وزارت صحت کے مطابق آج ہفتے کے روز اس ویکسینیشن مہم کے دوسرے دور کے آغاز میں غزہ پٹی کے وسطی حصے کے جنوبی علاقے میں بچوں تک پہنچا جا رہا ہے، جب کہ اتوار کو شمالی  علاقوں کی جانب بڑھا جائے گا اور پیر کے روز یہ مہم مکمل ہو گی۔

مجموعی ہلاکتیں 41 ہزار کے قریب

اسرائیل کی جانب سے ہفتے کی علی الصبح وسطی غزہ میں واقع نصیرات مہاجر بستی کے مغربی حصے میں فضائی حملے کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ان حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے۔ وسطیٰ غزہ ہی کے علاقے دیرالبلاح میں ایک مکان پر کیے گئے اسرائیلی حملے میں ایک خاتون اور ان کے دو بچوں کی ہلاکت کا بھی بتایا جا رہا ہے۔

غزہ میں طبی ذرائع نے آج بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں مختلف مقامات پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 61 افراد ہلاک ہوئے۔

غزہ: جبالیہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے میں درجنوں ہلاکتیں

غزہ میں وزارت صحت کے مطابق وہاں گزشتہ گیارہ ماہ سے جاریاسرائیلی فضائی اور زمینی کارروائیوں میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 40,939 ہو گئی ہے۔

گزشتہ برس سات اکتوبر کو فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی طرف سے اسرائیل میں کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد اسرائیل نے غزہ میں عسکری کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔

اسرائیلی کی طرف سے جاری کردہ معلومات کی بنیاد پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے کے نتیجے میں 1195 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ حماس کے عسکریت پسندوں نے 251 افراد کو یرغمال بھی بنا لیا تھا، جن میں سے کئی کو رہا کر دیا گیا ہے لیکن کئی اب بھی حماس کے زیر حراست ہیں اور کچھ کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔

ع ت، ا ب ا، م ا (روئٹرز، اے ایف پی)