1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسکول کا بستہ کتنا بھاری ہونا چاہیے؟

افسر اعوان7 اگست 2014

طبی ماہرین کے مطابق ایک خاص حد سے زائد بوجھ اٹھانے کے سبب بچوں کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہو سکتی ہے جو بعد ازاں شدید نوعیت کے طبی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Cqis
تصویر: Anne-Christine Poujoulat/AFP/Getty Images

پاکستان جیسے ممالک میں والدین کے علاوہ طبی اور تعلیمی ماہرین کی طرف سے بھی اکثر اس بات کی شکایت کی جاتی ہے کہ چھوٹوں بچوں کو ابتدائی کلاسوں میں ہی بھاری بستے تھما دیے جاتے ہیں۔ یہ بستے عام طور پر اتنے بھاری ہوتے ہیں کہ ننھے بچوں کے لیے انہیں اٹھانا مشکل ہوتا ہے۔

تاہم اب ایک جرمن فزیوتھیراپسٹ نے ایک سادہ طریقہ کار بتایا ہے جسے اختیار کرتے ہوئے والدین یہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ان کے بچے کے بستے کا وزن کہیں اس کی ریڑھ کی ہڈی کے لیے نقصان دہ تو نہیں ہے۔

اسکول جانے والے صحت مند لڑکے اور لڑکیاں اپنے وزن کے ایک تہائی تک وزن کا بستہ بغیر کسی مسئلے کے با آسانی اٹھا سکتے ہیں
اسکول جانے والے صحت مند لڑکے اور لڑکیاں اپنے وزن کے ایک تہائی تک وزن کا بستہ بغیر کسی مسئلے کے با آسانی اٹھا سکتے ہیںتصویر: Martin Bureau/AFP/Getty Images

جرمنی کے ایک جنوب مغربی شہر برائٹناؤ سے تعلق رکھنے والی کورنیلیا گوئٹز کے مطابق اپنے بچے سے کہیے کہ وہ اپنے بھرے ہوئے بستے کو اٹھائے ہوئے ایک ٹانگ پر متوازن یا بیلنس ہو کر دکھائے۔ اگر بچہ ایسا کر لیتا ہے تو پھر اس بات کا امکان انتہائی کم ہے کہ بستے کے وزن کے باعث اس بچے کی کمر کے پٹھوں پر کوئی دباؤ پڑے گا۔

گوئٹز نے اس حوالے سے اُس روایتی طریقہ کار کو مسترد کر دیا جسے اس حوالے سے ایک سادہ قانون قرار دیا جاتا ہے۔ اس قاعدے کے مطابق بھرے ہوئے بستے کا وزن بچے کے جسم کے کُل وزن کا 10فیصد سے زائد نہیں ہونا چاہیے۔

کورنیلیا گوئٹز کے مطابق اسکول جانے والے صحت مند لڑکے اور لڑکیاں اپنے وزن کے ایک تہائی تک وزن کا بستہ بغیر کسی مسئلے کے با آسانی اٹھا سکتے ہیں۔ ایک ایسی عمر میں جب بچے مشکل سے ہی کوئی باقاعدہ ورزش کرتے ہیں یہ چیز مثبت ہو سکتی ہے۔

ان کے خیال میں بچوں کو بستے کے لیے ٹرالی والا بیگ دینا مناسب نہیں ہے کیونکہ پہیوں والے بیگ کو کھینچتے وقت بچوں کی کمر اور کندھوں پر دباؤ پڑتا ہے۔ فزیوتھیراپسٹ کورنیلیا گوئٹز کے مطابق ایسے بیگز کو کھینچنے سے ان بچوں کی کولہے اور ریڑھ کی ہڈی غیر قدرتی انداز میں مُڑ سکتی ہے۔