اسٹارٹ اپ فنڈنگ: کیا خواتین کی خوبصورتی اثر انداز ہوتی ہے؟
30 اگست 2024حسين تصور کی جانے والی خواتين کو نيا کاروبار شروع کرنے کے ليے سرمايہ مقابلتاً آسانی سے مل جاتا ہے۔ دوسری جانب اگر خواتين اتنی زيادہ خوب صورت نہ ہوں تو ان کے ليے سرمايہ کار کو آمادہ کرنا مقابلتاً مشکل ہوتا ہے۔ يہ انکشاف سوئٹزرلينڈ ميں سينٹ گالن يونيورسٹی کے 'گلوبل سينٹر فار انٹرپرونيئورشپ اينڈ انوويشن‘ کی جانب سے کرائے گئے ايک مطالعے کے نتائج کی بنياد پر کيا گيا ہے۔
پاکستان میں عورت خوبصورت نہ ہو
بھارتی کشمیر میں مس ورلڈ مقابلے کے انعقاد کی حقیقت
پاکستان میں کاسمیٹک سرجریز کا بڑھتا رحجان
مطالعے کے ليے محققين نے سوئٹزرلينڈ اور جرمنی سے وابستہ ايک سو گيارہ مرد سرمايہ کاروں کے ساتھ ايک تجربہ کيا۔ ان تمام کو ايک اسٹارٹ اپ آئيڈيا کے ليے ويڈيو پچ دکھائی گئی۔ پچ ايک ہی تھی مگر اس کی ميزبانی مختلف خواتين نے کی، کچھ بہت خوب صورت اور کچھ مقابلتاً کم خوب صورت۔ گو کہ يہ ايک تجربہ تھا مگر اس ميں اسارٹ اپ اور سرمائے کے مواقع حقيقی تھے۔
اسٹڈی کے نتائج کے مطابق بظاہر زيادہ خوبرو دکھنے والی خواتين کے اپنے نئے کاروبار کے ليے سرمائے کے حصول ميں کاميابی کے امکانات اکيس فيصد زائد ہوتے ہيں۔
خوب صورتی ايک نعمت بھی اور ايک مسئلہ بھی؟
اس مطالعے کے شريک مصنف ڈيٹمار گرشنک کے بقول محققين در اصل سائيکالوجی کی ايک تھيوری 'ہيلو افيکٹ‘ کے بارے ميں مزيد پتا لگانا چاہتے تھے۔ يہ تھيوری يہ کہتی ہےکہ انسانی دماغ خوب صورتی کے ساتھ مزيد مثبت خصوصيات جوڑ ديتا ہے، جيسے کہ قابليت۔
دوسری جانب رپورٹ کے ايک محقق رابرٹ شرائبر کا کہنا ہے کہ تناظر کو ديکھتے ہوئے ‘ہيلو افيکٹ‘ منفی بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ 'بالخصوص مينجمنٹ کے تناظر ميں ديکھا جائے، تو دلکش خواتين کو عموماً ايسے ديکھا جاتا ہے کہ شايد ان ميں قابليت کی کمی ہے۔
اس تجربے کے ليے مرد سرمايہ کاروں کے ہارمونز بھی چيک کيے گئے۔ محققين نے کورٹيسول اور ٹيسٹيرون ليولز کا معائنہ کيا۔ ديکھا يہ گيا کہ جب زيادہ پر کشش خواتين کی ويڈيو پچ چلی، تو مردوں کا کورٹيسول ليول بڑھا ہوا تھا۔ شايد يہ بھی مثبت فيصلے کا سبب بنا۔
البتہ اس رپورٹ ميں يہ بھی سامنے آيا کہ سرمايہ کاری کے حصول کے معاملے ميں جامع طور پر ديکھا جائے، تو خواتين کو مردوں کے مقابلے ميں زيادہ چيلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مردوں کے اسارٹ اپس کو پچاس فيصد تک زيادہ مواقع پر سرمايہ مل جاتا ہے۔
ع س / ع ت (کلاؤس ڈیوسے)